میگ جنگی طیارہ گوا کے قریب حادثے کا شکار، پائلٹ محفوظ

نئی دہلی: معمول کے مطابق تربیتی پرواز کرنے والا ایک ایم آئی جی -29 کا ٹواِن سیٹر طیارہ ڈابولم گوا میں نیول ایئربیس سے پرواز کرنے کے بعد پرندوں کے ایک جھنڈ سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگیا۔ پائلٹ نے دیکھا کہ بائیں جانب کے انجن سے آگ کے شعلے نکل رہے ہیں اور دائیں طرف والے انجن میں بھی آگ لگ گئی ہے۔ معاملے کی ایمرجنسی نوعیت کی وجہ سے طیارے کو قابو میں رکھنے کے معیاری طریقے کامیاب نہیں ہوئے اور پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو آبادی والے علاقوں کی طرف سے دوسری جانب موڑ دیا اور دونوں پائلٹ بحفاظت جہاز سے باہر کود گئے۔ بحریہ نے اس حادثے کی چھان بین کے لیے ایک انکوائری قائم کردی ہے۔ پائلٹ کیپٹن ایم شیوکھنڈ اور لیفٹیننٹ کمانڈر دیپک یادو محفوظ ہیں۔ اس حادثے میں کسی بھی طرح کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔