میگھالیہ تشدد: ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی، ہندو بنگالیوں کو فوری طور پر شیلہ چھوڑنے کا انتباہ

گوہاٹی، مارچ 2: سی اے اے کے خلاف ہونے والے تشدد کے سلسلے میں میگھالیہ میں ہفتہ کے روز شیلانگ میں ایک سبزی فروش روپ چند دیوان کے قتل کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔ اس کا تعلق آسام کے بارپیٹا ضلع سے تھا لیکن وہ گذشتہ چار سالوں سے شیلانگ میں کام کررہا تھا۔

ریاست کے دارالحکومت شیلانگ سمیت ریاست کے ایک بڑے حصے کو کرفیو میں رکھا گیا ہے اور افواہوں کو پھیلنے سے روکنے اور امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے موبائل انٹرنیٹ خدمات کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

ایک کھاسی شخص، جس کی شناخت لورشائی ہینیوٹا کے نام سے ہوئی، کے قتل کے بعد دیوان کو بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل مشرقی کھاسی پہاڑیوں کے ضلع اچاماتی گاؤں میں ایک غیر قبائلی ہجوم کے ذریعے مار ڈالا گیا۔

پولیس کے مطابق دیوان، جو ایک مسلمان تھا، پر نقاب پوش افراد نے چھریوں سے وار کیا جنھوں نے شیلانگ کے علاقے باڑہ بازار میں بھی متعدد افراد پر بھی حملہ کیا، جس میں نو افراد جو سب کے سب غیر قبائلی تھے، زخمی ہوگئے۔