مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل نے لیا تعجب خیز موڑ، فڑنویس بنے وزیر اعلیٰ

مہاراشٹر کی سیاست نے ہفتہ کی صبح ایک زبردست  اور حیران کن کروٹ اس وقت لی جب بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ دیویندر فڑنویس کو دوبارہ وزیر اعلیٰ بنانے میں اہم کردار نبھایا ہے این سی پی نے۔ وہی این سی پی جس کے ساتھ مل کر شیوسینا حکومت سازی کا دعویٰ کر رہی تھی۔ جمعہ کی رات تک شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کی مشترکہ حکومت بننے کی خبر گردش کر رہی تھی لیکن ہفتہ کی صبح مہاراشٹر کی سیاست میں اس وقت طوفان آ گیا جب تقریباً 8 بجے دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلیٰ اور این سی پی لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا۔

شیوسینا نے جمعہ کو کہا تھا کہ کانگریس اور این سی پی سے سبھی معاملوں پر بات چیت ہو گئی ہے اور متفقہ طور پر شیوسینا سے 5 سال کا وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ این سی پی اور کانگریس کے کئی لیڈران نے بھی کئی مرتبہ واضح لفظوں میں اس طرح کا بیان دیا کہ وہ شیوسینا کے ساتھ حکومت سازی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

نئے سیاسی ماحول میں ایک طرف جہاں بی جے پی میں خوشی کا ماحول ہے، وہیں شیوسینا کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ کچھ ذرائع کا یہ ضرور کہنا ہے کہ شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان بات چیت ہوئی ہے اور این سی پی سربراہ شرد پوار نے انھیں صاف لفظوں میں کہا ہے کہ اس پورے معاملے کی انھیں کوئی جانکاری نہیں ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر پرفل پٹیل نے بھی ایک ینوز پورٹل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شرد پوار کو اس سیاسی ماحول کے بارے میں پہلے سے کوئی جانکاری نہیں تھی۔

اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد دیویندر فڑنویس کو مبارکبادیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فڑنویس کے وزیر اعلیٰ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوام کے حق میں کام کریں گے۔ پی ایم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’دیویندر فڑنویس جی اور اجیت پوار جی کو بالترتیب وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لیے لگن سے کام کریں گے۔‘‘ امت شاہ نے بھی فڑنویس کے ساتھ ساتھ این سی پی لیڈر اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔

(ایجنسیاں)