سینچائی گھوٹالہ کے 9 معاملوں میں جانچ بند، اجیت پوار کو کلین چٹ نہیں: اے سی بی

نئی دہلی: مہاراشٹر کی اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) نے سینچائی گھوٹالہ معاملے سے جڑے 9 معاملوں کی جانچ سوموار کو بند کر دی۔ اس گھوٹالے میں مہاراشٹر کے نئے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے خلاف بھی جانچ چل رہی ہے۔ حالاں کہ اے سی بی کے سینئر افسروں  نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملے ٹینڈروں کی روٹین جانچ سے جڑے تھے جن میں مکمل ضابطے کی پیروی نہیں کی گئی تھی۔ ان معاملوں میں کسی سیاسی رہنما کے خلاف جانچ نہیں ہو رہی تھی۔

مہاراشٹرمیں دیویندر فڑنویس کی قیادت والی بی جے پی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ  بننے کے 48 گھنٹے کے اندر این سی پی رہنما اجیت پوار کے خلاف سینچائی گھوٹالہ معاملے میں چل رہی جانچ کو مہاراشٹر اے سی بی نے بند کر دیا ہے۔ ایک سینئرافسر نے کہا کہ جہاں پہلے سے ہی 24 ایف آئی آر درج کیے گئے ہیں وہیں، کئی دوسرے ٹینڈروں کے معاملے میں جانچ جاری ہے۔

ایک سینئرافسر نے کہا کہ یہ نو معاملے ہیں جنہیں بند کیا گیا ہے۔ ہمیں بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کے سامنےایک رپورٹ پیش کرنی ہے جس کی سماعت 28 نومبر کو ہوگی۔ جن معاملوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ان میں جانچ جاری ہے۔

اس بیچ این سی پی –کانگریس- شیوسینا نے سوموار کو گورنر کو 162 ایم ایل اے  کی  حمایت  کا ایک خط سونپا اور کہا کہ ان کے پاس سرکار بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد ہے۔

(ایجنسیاں)