مہاراشٹر: سرکاری تقریب میں ہیٹ اسٹروک سے 11 افراد کی موت
نئی دہلی،17اپریل :۔
اتوار کو نوی ممبئی کے ایک کھلے میدان میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں ہیٹ اسٹروک (لو ) لگنے سے گیارہ افراد کی موت ہو گئی ۔اطلاعات کے مطابق ‘مہاراشٹر بھوشن’ ایوارڈ تقریب کے دوران چلچلاتی دھوپ کی زد میں آکر گیارہ افراد کی موت ہو گئی۔ سی ایم او کی جانب سے مہاراشٹر کے سی ایم ایکناتھ شندے نے نوی ممبئی کے ایک اسپتال کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا کہ کم از کم 50 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں سے 24 اب بھی داخل ہیں جب کہ باقی کو ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے ان اموات کو ‘انتہائی بدقسمتی’ قرار دیا۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ کچھ مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا، جب کہ کچھ اب بھی اسپتالوں میں اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں داخل ہیں۔ یہ پروگرام نوی ممبئی کے کھارگھر میں منعقد کیا گیا تھا۔ پروگرام میں لاکھوں لوگ پہنچے تھے۔ اس موقع پر اپا صاحب دھرم ادھیکاری کو مہاراشٹر بھوشن سے نوازا گیا۔ دوپہر کے وقت ہونے کی وجہ سے گرمی بہت زیادہ تھی۔ اس دوران لوگوں کی صحت بگڑ گئی۔ بتا دیں کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس پروگرام میں انعام تقسیم کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مرنے والے 11 افراد ہیٹ اسٹروک سے بیمار تھے۔ سی ایم شندے بھی پروگرام کے بعد اسپتال گئے جہاں دیگر بیمار لوگوں کو علاج کے لیے داخل کیا گیا۔ سی ایم شندے نے مرنے والوں کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ بیمار افراد کے علاج کے اخراجات بھی برداشت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق اس پروگرام کے دوران بیمار ہونے والے 50 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جن میں سے 26 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ جبکہ 24 افراد تاحال زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ اس پروگرام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی شرکت کی تھی ۔اور انہوں نے لوگوں کے اتنے بڑے ہجوم کو دیکھ کر تعریف کی۔کہا جا رہا ہے کہ ایک طرف لوگ ہیٹ اسٹرو ک سے متاثر ہو کر اسپتال پہنچ رہے تھے اور دوسری طرف وزیر داخلہ ان کی تعریف کر رہے تھے۔