مہاراشٹر: بھنڈارا کے ایک اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں دس نوزائیدہ بچوں کی موت
بھنڈارا (مہاراشٹر)، 9 جنوری: مہاراشٹر کے بھنڈارا میں ایک اسپتال کے خصوصی نوزائیدہ نگہداشت یونٹ میں آگ لگنے کے بعد دس نوزائیدہ بچوں کی موت ہوگئی۔
ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ فوت ہونے والے بچوں کی عمر ایک ماہ سے تین ماہ کے درمیان تھی۔
ڈسٹرکٹ سول سرجن پرومود کھنڈاتے نے بتایا کہ بھنڈارا ڈسٹرکٹ اسپتال میں صبح 1.30 بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس یونٹ میں 17 بچے تھے، جن میں سے سات کو بچا لیا گیا۔
انھوں نے بتایا کہ ایک نرس نے سب سے پہلے اسپتال کے نوزائیدہ بچوں کی یونٹ سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھا اور ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو الرٹ کیا، جو وہاں پانچ منٹ کے اندر پہنچ گئے۔
انھوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے یونٹ کے ’’ان باؤنڈ وارڈ‘‘ سے سات بچوں کو بچایا لیکن وہ 10 دیگر بچوں کو نہیں بچا سکے۔
انھوں نے کہا کہ جن وارڈز میں نومولود بچوں کو رکھا جاتا ہے اسے مسلسل آکسیجن کی فراہمی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا ’’آگ بجھانے والے آلات موجود تھے اور عملے نے ان کو استعمال کیا جب وہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے تھے۔ لیکن وہاں بہت زیادہ دھواں تھا۔‘‘
انھوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین کو مطلع کردیا گیا ہے اور آتش زدگی سے بچائے گئے سات نوزائیدہ بچوں کو دوسرے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ چار منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی وجوہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن یہ بجلی کے شارٹ سرکٹ کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔