مہاراشٹر اور دہلی سمیت آٹھ ریاستوں میں کورونا کیسز میں اضافہ :وزارت صحت

مرکزی سیکرٹری برائے صحت نے کہا، "ہندوستان میں روزانہ اوسطاً 966 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ فروری کے دوسرے ہفتے میں مثبت شرح 0.09 فیصد تھی، جو اب ایک  فیصد ہو گئی ہے۔

نئی دہلی،23 مارچ :۔

گزشتہ دو سال پہلے پھیلی کورونا کی وبا اب بھی وقتاً فوقتاً اپنی موجودگی درج کراتی رہتی ہے ۔ایک بار پھر ملک میں کورونا کیسیز میں اضافے درج کئے جانے کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔وزارت صحت اس سلسلے میں سر گرم ہو گیا ہے ۔گزشتہ روز خود وزیر اعظم نے سینئر افسران کے ساتھ بڑھتے ہوئے انفلوئنزا کے کیسیز کا جائزہ لیا ۔

رپورٹ کے مطابق  مرکزی صحت سکریٹری راجیش بھوشن نے جمعرات کو ملک میں کورونا کیسوں کی تعداد میں کچھ اضافے کے درمیان میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا،  کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، گزشتہ ہفتے کے اعداد و شمار کے مطابق، دنیا میں روزانہ 93977 کیسز آ رہے ہیں۔ امریکہ میں 19 فیصد، روس میں 12.6 فیصد، چین میں 8.3 فیصد، جنوبی کوریا میں 8 فیصد اور بھارت میں ایک فیصد کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔” کورونا کیسز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں چھ لہریں آ چکی ہیں اور ہم نے خود ہندوستان میں تین لہریں دیکھی ہیں۔

ہندوستان میں روزانہ اوسطاً 966 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں

مرکزی سیکرٹری صحت نے کہاکہ ہندوستان میں روزانہ اوسطاً 966 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ فروری کے دوسرے ہفتے میں مثبت شرح 0.09 فیصد تھی، جو اب 1 فیصد ہو گئی ہے۔ فروری میں ٹیسٹوں کی اوسط تعداد 1 لاکھ تھی۔ جس میں بعد میں کمی آئی۔اب روزانہ 1 لاکھ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔مہاراشٹر، گجرات، کیرالہ، کرناٹک، تامل ناڈو، دہلی، ہماچل اور راجستھان 8 ریاستوں میں سب سے زیادہ کیسز درج ہو رہے ہیں۔ ان ریاستوں کو ہدایات دی گئی کہ کیا کیا جائے۔ جہاں زیادہ کیسز ہیں وہاں ٹیسٹ زیادہ ہیں اس وقت ملک میں صرف اومیکرون  ویرینٹ کی موجودگی ہے۔