مہاراشٹر:مسلم شناخت مٹانے کی کوشش جاری، تاریخی شہر احمد نگر کا نام بھی تبدیل
مہاراشٹر کی شندے حکومت نے مسلم شناخت کی تاریخی حامل شہر احمد نگر کا نام بدل کر اہلیا دیوی نگر کر دیا،8 لوکل ریلوے اسٹیشنوں کے نام بھی تبدیل
نئی دہلی ،14مارچ :۔
اتر پردیش کی یوگی حکومت نے جس طرح مسلم اور اردو نام کو تبدیل کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا اس کا اثر بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں بھی بڑے پیمانے پر نظر آ رہا ہے ۔مسلم شناخت والی جگہوں کے نام تبدیل کرنے کے معاملے میں مہاراشٹر کی شندے حکومت بھی لگا تار یوگی کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ اورنگ آباد و عثمان آباد کے ناموں کی تبدیلی کو قانونی شکل دینے کے بعد اب اس حکومت نے ایک اور تاریخی شہر احمد نگر کا بھی نام تبدیل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً8 ریلوے اسٹیشنوں کا نام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شندے حکومت نے کابینہ کے فیصلے میں احمد نگر شہر کے نام کو تبدیل کرتے ہوئے اس کا نام اب ’پنیہ شلوک اہِلیا دیوی نگر‘ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اب یہ ضلع پنیہ شلوک اہِلیا دیوی نگر کے نام سے جانا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے ممبئی کے آٹھ لوکل ریلوے اسٹیشنوں کے ناموں کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ریلوے اسٹیشنوں کے ناموں کے بارے میں یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ انگریزوں کے زمانے کے رکھے ہوئے نام تھے۔
ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے علاوہ نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ کابینہ کے دیگر وزرا بھی موجود تھے۔ کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا سب سے بڑا فیصلہ احمد نگر شہر کا نام بدل کرنے کا تھا۔ اس سے پہلے ریاستی حکومت نے اورنگ آباد کا نام سمبھاجی نگر اور عثمان آباد کا نام دھاراشیو رکھا تھا۔
واضح رہے کہ احمد نگر کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ یہ نظام شاہی سلاطین کا دار الحکومت بھی رہا ہے۔ اس شہر کی بنیاد نظام شاہی خاندان کے پہلے سلطان احمد نظام شاہ نے رکھی تھی۔ احمد نگر کو شہنشاہ شاہجہان نے 1637 عیسوی میں مغلیہ سلطنت میں شامل کر لیا تھا۔ اسی احمد نگر میں وہ مشہور جیل بھی ہے جہاں تحریک آزادی کے مجاہدین کو انگریزوں نے قید کیا تھا اور جن میں مولانا ابوالکلام آزاد بھی شامل تھے۔