مہاراشٹر:مسلمانوں کے ریزرویشن کے تعلق سے بی جے پی ایم ایل اے نتیش رانے کا متنازعہ بیان وائرل
آل انڈیا علماء بورڈ کے قومی صدر سلیم سارنگ نے بیان کا احمقانہ قرار دیا،11تاریخ کو کنونشن کے دوران احتجاج کا اعلان
نئی دہلی ،07دسمبر:۔
مہاراشٹر میں مسلمانوں کو بھلے ہی کورٹ نے پانچ فیصد تعلیم ریزرویشن کا حکم دیا ہے لیکن آج تک اسے نافذ نہیں کیا جا سکا ہے ،دیگر ریاستوں میں اسے نافذ کیا ہے لیکن مہاراشٹر میں لمبے عرصے سے متعدد تنظیمیں اس سلسلے میں کوششیں کر رہی ہیں ۔دریں اثنا حالیہ دنوں میں ایک بار پھر مہاراشٹر میں مسلمانوں کے تعلیمی ریزر ویشن کو لے کر سر گرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔اس سلسلے میں آل انڈیا علما بورڈ کے صدر سلیم سارنگ اور بورڈ کے دیگر ارکان سر گرم ہیں اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں۔دریں اثنا سوشل میڈیا پر اقلیتوں کے ریزر ویشن کے تعلق سے مہاراشٹر میں بی جے پی کے ممبر اسمبلی نتیش رانے کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے مہاراشٹر کے مسلمانوں کے تعلق سے متنازعہ بیان دیا ہے ۔
اقلیتی برادری سے متعلق نتیش رانے کا انٹرویو اب وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے پاکستان میں اقلیتوں کی پالیسی اور بھارت میں اقلیتی برادری کی پالیسی پر تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے مہاراشٹر میں مسلمانوں کے ذریعہ تعلیمی ریزیر ویشن کے مطالبے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مہاراشٹر میں ہندوتو کی سرکار نے انہیں کبھی ریزریوشن نہیں مل سکتا ہے ۔یہی نہیں انہوں نے مزیددھمکی دی ہے کہ مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر آئیں تو ہم انہیں دیکھ لیں گے کہ وہ واپس کیسے جاتے ہیں ۔
اس سلسلے میں ریزرویشن کے لئے سر گرم آل انڈیا علماء بورڈ کے سلیم سارنگ نے اپنے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ اگر انہیں پاکستان کی اقلیتی پالیسی کی اتنی ہی فکر ہے تو انہیں پاکستان میں ہی رہنا چاہیے۔ نتیش رانے احمقوں کی طرح بکواس کر رہے ہیں اور ان کی پارٹی میں کوئی بھی انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ وہ صرف دو مذاہب کے درمیان تنازعہ پیدا کر رہے ہیں۔
سلیم سارنگ نے لکھا کہ ہمارے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ مسلم کمیونٹی کو جو ان کا حق ہے وہ ملے گا اور ہم تمام مذاہب کے ساتھ چلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ نے مسلم کمیونٹی کو تعلیم میں 5 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔ اس کے نفاذ کے لیے ہم 11 تاریخ کو کنونشن کے دوران ناگپور میں احتجاج کرنے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سلیم سارنگ کے ذریعہ اٹھائے گئے مسلم ریزرویشن کا مطالبہ صرف میٹنگ تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ اس کے بعد انہوں نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے بھی ملاقات کی اور یہ مسئلہ اٹھایا اور اجیت پوار نے بھی اس معاملے پر تعاون کا یقین دلایا ہے ۔