مودی سرکار کبھی خدا کو مورد الزام ٹھہراتی ہے، کبھی لوگوں کو، لیکن اپنی ’’بدانتظامی‘‘ تسلیم ںہیں کرتی: راہل گاندھی
نئی دہلی، 21 ستمبر: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے پیر کے روز مرکزی وزیر ہرش وردھن کے اس بیان پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ لوگوں کے ’’غیر ذمہ دارانہ سلوک‘‘ کے نتیجے میں کوویڈ19 پھیل گیا ہے ۔
راہل گاندھی نے کہا کہ مودی سرکار کا ’’اندھا تکبر‘‘ کبھی خدا اور کبھی لوگوں کو مورد الزام ٹھہرا دیتا ہے، لیکن اپنی ’’بدانتظامی‘‘ کو تسلیم نہیں کرتا۔
گاندھی کا یہ تبصرہ اس کے بعد آیا جب وزیر صحت نے لوک سبھا میں کورونا وائرس سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرتی ’’غیر ذمہ دارانہ سلوک‘‘ کی وجہ سے ملک میں COVID-19 کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا۔
گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ’’مودی سرکار کا اندھا تکبر کبھی خدا کو اور کبھی عوام کو ملک کی حالت زار کا ذمہ دار ٹھہرا دیتا ہے، لیکن اس کی اپنی بدانتظامی اور غلط پالیسیوں کو نہیں۔ ملک میں کتنے زیادہ ’’ایکٹ آف مودی‘‘ برداشت کرے گا؟‘‘
واضح رہے کہ گاندھی لگاتار کوویڈ 19 بحران سے نمٹنے کے طریقوں پر حکومت کی تنقید کرتے رہے ہیں اور حکومت پر اس صورت حال سے نمٹنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ حالاں کہ حکومت ماضی میں ایسے تمام دعووں کو مسترد کر چکی ہے۔