ممتا بنرجی: بنگال میں این آر سی اور شہریت قانون نافذ کر کے دکھائیں!
کولکاتا: شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تیسرے دن بھی ایک بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے کہا ہے کہ ”آپ ملک کے وزیر داخلہ ہیں، صرف بی جے پی لیڈر نہیں ہیں، اس لیے ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے کوشش کریں۔‘‘
ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک میں آگ لگانے کا کام وزیر داخلہ کا نہیں ہوتا ہے بلکہ وزیر داخلہ کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملک میں امن و امان کی فضا قائم رہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ امت شاہ ابھی بھی بی جے پی لیڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی واشنگ مشین بن گئی ہے۔ داغدار لوگ ان کی پارٹی میں شامل ہونے کے بعد پاک صاف ہوجاتے ہیں۔
ممتا بنرجی نے امت شاہ کو چیلنج کیا کہ بنگال میں این آر سی اور شہری ترمیمی قانون کا نفاذ کرکے دکھائیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہے اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ وہ اپنا قانون ریاستوں پر نافذ کریں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کا بیان افسوسناک ہے وہ ایک خاص برادری کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
(ایجنسیاں)