ممبئی: مظاہرین کو گیٹ وے آف انڈیا سے ہٹا کر آزاد میدان منتقل کیا گیا
ممبئی، 7 جنوری: دہلی میں جواہر لال نہرو یونی ورسٹی کے طلبا پر ہونے والے حملوں کی مذمت کے لیے منگل کی صبح مظاہرین کی ایک بڑی تعداد تاریخی گیٹ وے آف انڈیا پر جمع ہوئی تھی، جنھیں پولیس نے زبردستی وہاں سے ہٹایا اور آزاد میدان بھیج دیا۔
ایک پولیس عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ مظاہرین نے اتوار کی آدھی رات سے گیٹ وے، جو ایک سیاحتی مقام ہے، پر قبضہ کر لیا ہے۔ انھیں پہلے وہاں سے ہٹ جانے کی درخواست کی گئی تھی لیکن جب انھوں نے اس کی تعمیل نہیں کی تو انھیں پولیس نے ہٹا دیا۔ پولیس نے بتایا کہ انھیں آزاد میدان بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس عہدیدار کے مطابق مظاہرین کو ہٹانے کی بنیادی وجہ گیٹ وے پر بیت الخلا کی سہولیات کی کمی ہے جو آزاد میدان میں مناسب طور پر دستیاب ہے۔
ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز (ٹی آئی ایس ایس) کے ایک طالب علم نے میڈیا والوں کو بتایا کہ پولیس نے انھیں گیٹ وے آف انڈیا سے ہٹانے کے بعد احتجاج ختم کردیا۔ تاہم انھوں نے کہا کہ یہ احتجاج کامیاب رہا کیونکہ ان کے احتجاج کے مطالبے کے جواب میں ایک بہت بڑا مجمع نکلا تھا۔ یہ نمایاں طور پر TISS ، IIT ممبئی اور ممبئی یونیورسٹی اور متعدد کالجوں کے طلبا تھے جو احتجاج کے مقام پر آئے تھے۔
اتوار کی رات بالی ووڈ کی بڑی تعداد میں شخصیات کے ساتھ ساتھ ابو عاصم اعظمی، روہت پوار، کپل پاٹل، کسان رہنما اشوک دھولے، جتن دیسائی، فہد احمد، این سی پی رہنما اور وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر جتیندر اوہاد سمیت کئی سماجی کارکنان احتجاج میں شامل ہوئے۔ . سابق جے این یو طلبا رہنما عمر خالد بھی گیٹ وے آف انڈیا میں اتوار کی رات ہونے والے احتجاج میں شریک ہوئے تھے۔
مختلف تعلیمی اداروں کے علاوہ سول سوسائٹی کے لوگوں کا بھیڑ بھی پیر کے روز گیٹ وے آف انڈیا میں جمع ہوا اور دن بھر احتجاج جاری رکھا۔ قومی پرچم لہراتے ہوئے مظاہرین نے آر ایس ایس سے وابستہ اے بی وی پی کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے قومی ترانہ بھی گایا۔