ممبئی: باندرا میں مزدوروں کو مبینہ طور پر بھڑکانے والا شخص گرفتار
ممبئی، اپریل 15: مبینہ طور پر وہ افواہیں پھیلانے والے ایک شخص کو، جن کی وجہ سے کل شام ممبئی کے باندرا اسٹیشن پر ہزاروں تارکین وطن جمع ہوگئے تھے، آج گرفتار کر لیا گیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں پھنسے ہوئے تارکین وطن کو اپنے آبائی گاؤں واپس جانے کے لیے اکساتے ہوئے ایک خود ساختہ مزدور رہنما ونے دوبے نے ایک مہم ’’چلو گھر کی اور‘‘ کے نعرے کے ساتھ سوشل میڈیا پر کئی پوسٹ شیئر کیں۔
ممبئی پولیس اس بات کی تفتیش کررہی ہے کہ آیا ٹویٹر اور فیس بک پر اس کی پوسٹس ان افواہوں کے لیے ممکنہ طور پر ذمہ دار تھیں، جنھوں نے سیکڑوں مزدوروں کو باندارا اسٹیشن پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جمع کر دیا۔ اور آخر کار پولیس کو ان پر لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ تارکین وطن مزدور زیادہ تر بنگال، بہار، اترپردیش اور مدھیہ پردیش سے تھے۔
کل جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں ونے دوبے حکومت سے تارکین وطن کے لیے گھر کے سفر کا انتظام کرنے کے لیے کہتے ہوئے سنا جا رہا ہے۔
اس نے ویڈیو میں کہا ’’میں درخواست کرتا ہوں کہ 14 اپریل کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ریاستی حکومت یوپی، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال کے لیے ٹرینوں کا انتظام کرے گی۔ وہاں پہنچنے کے بعد انھیں قرنطین کیا جاسکتا ہے … وہ یہاں مایوس ہیں، اگو کورونا وائرس سے نہیں تو وہ بھوک سے مر جائیں گے… ہم 14 یا 15 تاریخ تک انتظار کریں گے، اگر حکومت کچھ نہیں کرتی ہے تو، میں، ونے دوبے، پیدل چل کر ان تارکین وطن کے ساتھ سفر کا آغاز کروں گا۔‘‘
ونے دوبے اتر بھارتیہ مہا پنچایت نامی ایک این جی او چلاتا ہے۔ اور اسے مہاراشٹر میں شمالی ہندوستان کے کارکنوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بات کرتے دیکھا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسے گذشتہ رات نوی ممبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔
منگل کے روز باندرا میں ہونے والے واقعے کے لیے تقریبا 1،000 ایک ہزار افراد کے خلاف فسادات کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع کے کچھ گھنٹے بعد ہی پیش آیا۔