ملک کے انصاف پسند عوام غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کریں: امیر جماعت اسلامی

نئی دہلی (پریس ریلیز)  امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملک کے انصاف پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی بربریت پر اپنی آواز بلند کریں۔ میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ پر تازہ حملے میں 34 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ ان میں ایک ننھے یتیم کے خاندان کے 8 افراد بھی شامل ہیں۔ جماعت اس حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیل فلسطینی عوام پر ظلم و ستم سے باز آ جائے. معصوم عوام، خواتین اور بچے ہمیشہ اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنتے ہیں۔ اسرائیل خود کو تنقید سے بالا سمجھتا ہے اور اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کو نظرانداز کرتا آیا ہے۔ طاقت ور حکومتیں، سول سوسائٹی اور میڈیا کی اسرائیلی جارحیت پر عدم توجہ اور غفلت کے باعث اسرائیل کے حوصلے مزید بلند ہوچکے ہیں۔ جماعت ہندوستان کے تمام انصاف پسند شہریوں، مسلم قیادت، سیاسی جماعتوں، مرکزی حکومت اور ہندوستانی میڈیا سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ان حملوں کی مذمت کریں اور فلسطینی عوام کو اسرائیل کے غاصبانہ اور ناجائز قبضے سے نجات دلانے میں تعاون کریں۔

جناب حسینی نے مزید کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ استعماری قوتوں کا مقابلہ کیا ہے اور استعماریت اور نسلی عصبیت کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ دیگر ملکوں کا تعاون کیا ہے۔ اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے فلسطینی عوام ہندوستان کو اپنا حامی اور خیرخواہ سمجھتے ہیں۔ ہمیں اس موقع پر انھیں مایوس نہیں کرنا چاہیے اور ان کے اس بھروسے اور بھرم کو برقرار رکھنا چاہیے۔