مغربی بنگال میں یکم جون سے تمام عبادت گاہیں کھلیں گی: ممتا بنرجی
کولکاتا، مئی 29: مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج اعلان کیا کہ ریاست میں تمام عبادت گاہیں یکم جون سے کھول دی جائیں گی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے عائد ملک گیر لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ 31 مئی کو ختم ہونے والا ہے۔
ممتا بنرجی نے ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا ’’مندر، مساجد، گردوارے، گرجا گھر، سب کھل جائیں گے، لیکن 10 سے زیادہ افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، مذہبی مقامات پر کوئی اسمبلی نہیں ہوگی۔ اس کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔‘‘
وزیر اعلی نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی دفاتر بھی یکم جون سے پوری طاقت کے ساتھ کھل سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ چائے اور جوٹ کی صنعت بھی اسی تاریخ سے کام کرنا شروع کردے گی۔
بنرجی نے مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ ’’مغربی بنگال پہنچنے والی ’’شارمک اسپیشل ٹرینیں‘‘ لوگوں سے بھری ہوئی تھیں، ان میں معاشرتی فاصلہ نہیں تھا۔ وہ کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ کیا وہ شارمک ٹرینیں چلا رہے ہیں یا وہ کورونا ایکسپریس چلانے کی کوشش کر رہے ہیں؟‘‘
بنرجی نے کہا کہ وزارت ریلوے خصوصی ٹرینوں میں کوچوں کی تعداد میں آسانی سے اضافہ کرسکتا ہے تاکہ بھیڑ کو روک سکے۔ انھوں نے کہا ’’میں ریلوے وزیر تھی۔ میں جانتی ہوں کہ ہمارے پاس کافی ریک ہیں۔ وہ آسانی سے ٹرینوں کو لمبا بنا سکتے ہیں اور بھیڑ سے بچ سکتے ہیں۔‘‘
اس دوران مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے مطابق مغربی بنگال میں اب تک کوویڈ 19 کے 4،536 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 295 اموات بھی شامل ہیں۔