مغربی بنگال: شہریت قانون کے خلاف احتجاجی سلسلہ جاری، ریلوے خدمات متاثر

کلکتہ: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ریاست کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی مقامات پر ریل روک دی گئی ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، مشرقی مدنی پور کے باسولیا اسٹیشن پر آج صبح سے ہی ریلوے لائن پر جام کردیا گیا ہے۔اس کی وجہ سے مسافروں اور اسکولی طلبا و طالبات کوسخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق 9.30 بجے سے ہی باسولیا ریلوے اسٹیشن پر جام کیا گیا۔اس کی وجہ سے ہلدیا لائن مکمل طور پر ٹھپ ہوگئی۔

وزیرا علیٰ ممتا بنرجی بھی نئے شہریت قانون کے خلاف امبیڈکر کی مورتی سے جوڑا سانکو تک احتجاج کریں گی ممتا بنرجی کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈران موجود رہیں گے۔

کل بنگال حکومت نے احتجا ج اور ہنگامہ آرائی کے پیش نظر ریاست کے کئی علاقوں میں آج سے انٹر نیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گزشتہ جمعہ سے مرشدآباد، ہوڑہ کے الوبیڑیا میں تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے احتجاج کے دوران تشدد کے واقعات پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ حکومت کے مطابق اتوار سے جنوبی بنگال کے کئی علاقوں میں انٹر نیٹ خدمات بند کردی گئی ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مرشدآباد، مالدہ، شمالی دیناج پور، ہوڑہ،شمالی 24پرگنہ کے بشیرہاٹ سب ڈویژن جنوبی 24پرگنہ کے برئی پور سب ڈویژن اور کیننگ سب ڈویژن میں فوری طور پر انٹر نیٹ سروس بند کردیا گیا ہے۔

تری پورہ،آسام اور شمالی مشرقی ہند کے دیگر ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف پہلے سے ہی احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں اور اس کے پیش نظر ان ریاستوں میں انٹر نیٹ سروس بند ہیں۔ بنگال میں جمعہ سے ہی مظاہرے ہورہے ہیں۔ مظاہرین نے جمعہ کو الوبیڑیا میں ریلوے اور سڑک کو جام کردیا تھا جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اپنے پیغام میں مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کریں،یہ ان کا جمہوری حق ہے مگر تشدد کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سنیچر کو آم ڈانگہ اور دے گنگا علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ ہوا تھا۔ نلہٹی اور عظیم گنج کے درمیان ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے۔ کرشنا نگر لال گولہ۔عظیم گنج اور نیو فرکا کے درمیان ٹرین سروس متاثر ہے۔ ہوڑہ کے کونا ایکسپریس وے میں گوفا برج کے پاس سڑک جام کرکے ٹائر کو جلایا گیا۔ پولس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کیا۔ روڈ بلاک کی وجہ سے جیسر روڈ بھی متاثر ہوا ہے۔

(ایجنسیاں)