مغربی بنگال: بلبل طوفان سے متاثر علاقوں میں امتحانات مؤخر
کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ”بلبل طوفان“ سے متاثرہ اضلاع میں امتحانات کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہاں 25 نومبر سے امتحانات ہونے والے تھے مگر اب 2 دسمبر سے ہوں گے۔
بچوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی سکریٹریٹ میں بڑی تعداد میں اسکولی بچوں اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طوفان سے متاثرہ اضلاع میں امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔ بلبل طوفان سے بنگال کے ساحلی اضلاع بہت ہی زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
ریاستی سکریٹری نوبنو سے جاری ابتدائی رپورٹ کے مطابق بلبل طوفان سے ریاست کے 9 اضلاع متاثر ہیں۔ ان اضلاع میں 3لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 7 ہزار سے زائد مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں درخت گر گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوموار اور بدھ کو جنوبی پرگنہ اور شمالی پرگنہ ضلع کے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا تھا۔ ان دونوں اضلاع میں وزیرا علیٰ نے ضلع افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے ان اضلاع کے افسران کو جلد سے جلد راحتی سامان پہنچانے کی ہدایت دی تھی۔
وزیر اعلیٰ نے میٹنگ میں کہا تھا کہ کوئی بھی شخص ریلیف سے محروم نہیں رہے۔ غذائی اشیا پہنچانے کے ساتھ بچوں کی غذا اور دوائیاں اور او آر ایس جلد سے جلد لوگوں کو پہنچائیں۔ ریلیف کے کاموں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ تمام متاثرہ گاؤں میں موبائل ہیلتھ ٹیم کو بھیجنے کی بھی ہدایت دی۔