مغربی بنگال:رام نومی کے جلوس میں ہتھیار لہرانے والا سومت شا بہار سے گرفتار
بنگال پولیس نے سومت شا کو بہار کے مونگیر سے گرفتار کیا ہے ،اس کی عمر محض19 سال ہے ،ہتھیار لہرانے کے ساتھ ویڈیو وائرل ہوا تھا
نئی دہلی ،04اپریل :۔
رام نومی کے موقع پر بہار اور بنگال میں ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کے بعد کشیدگی کا اثر اب بھی جاری ہے ،بڑی تعداد میں مسلمانوں کے گھروں ،مکانوں اور مساجد و دیگر عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا ۔جلوس کے دوران بڑی تعداد میں ہندو شدت پسندوں نے تلواروں اور پستول کے ساتھ شرکت کی تھی اور مسلمانوں کے محلوں میں جا کر اشتعال انگریز نعرے بازی کی تھی ۔پر تشدد واقعات کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے ۔بنگال میں خاص طور پر تشدد تھم نہیں رہا ہے ۔دریں اثنا مغربی بنگال کے ہاوڑہ ضلع کے شیو پور میں رام نومی جلوس کے دوران پستول لہرانے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
اطلاع کے مطابق رام نومی جلوس میں ہتھیار لے جانے والے سمیت ساو کو مونگیر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس نے آتشیں اسلحے کے ساتھ جلوس میں شرکت کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے اسے گرفتار کرکے سی آئی ڈی کے حوالے کردیا۔ بتا دیں کہ سی آئی ڈی ہاوڑہ میں ہوئے تشدد کی جانچ کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہاوڑہ پولیس نے ملزم کو مونگیر سے گرفتار کیا ہے۔ اسے ٹرانزٹ ریمانڈ پر کولکاتہ لایا جا رہا ہے۔ کولکاتہ میں پولیس اسے دوبارہ عدالت میں پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے ہاوڑہ میں تشدد کے بعد ایک ویڈیو ٹویٹ کیا تھا، جس میں شیو پور کے جلوس میں ایک نوجوان کو ہوا میں پستول لہراتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا تھا کہ رام نومی کے جلوس میں پستول کیا کر رہی تھی؟ رام نومی کے جلوس میں ڈی جے کا کیا کام؟ ابھیشیک بنرجی نے کہا تھا کہ تشدد بھڑکانے کی سازش رچی گئی تھی اور اسی لیے ہتھیار فراہم کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ ابھیشیک بنرجی کے ذریعہ ویڈیو ٹوئٹ کئے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا تھا جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جلوس میں استعمال گاڑی پر کھڑا سومت ہاتھوں میں پستول لے کر لہرا رہا ہے ۔معلوم ہو کہ ملزم سومت کی عمر محض 19 برس ہے اور وہ بنگال کے ہاوڑہ کا رہنے والا ہے ۔پولیس کے مطابق قانون سے بچنے کے لئے واقعہ کے بعد وہ بہار کے منگیر فرار ہو گیا تھا جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔