مسلم قائدین دہلی کے پولیس چیف سے ملنے پہنچے، سینکڑوں کی تعداد میں چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر جمع ہوئے لوگ

نئی دہلی، فروری 26— جیسے ہی تشدد سے متاثرہ شمال مشرقی دہلی سے موصولہ اطلاعات نے منگل کی شام کی خوفناک تفصیلات سے پردہ اٹھایا، مسلم رہنماؤں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خطے میں بھارتی فوج کی تعیناتی کا حکم دینے کے لیے خط لکھا۔

منگل کو آدھی رات کے قریب مسلم رہنماؤں کا ایک وفد دہلی پولیس کمشنر سے بھی ملنے کے لیے دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچا جس نے علاقے میں مسلح پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔

اتوار کی دوپہر شروع ہونے والے اس تشدد میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک اور 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ مشتعل افراد نے متعدد مکانات، دفاتر، دکانیں اورگاڑیوں میں آگ لگا دی۔

وفد میں جماعت اسلامی ہند کے قومی صدر سید سعادت اللہ حسینی، جماعت اسلامی ہند کے نائب صدر محمد سلیم انجینئر، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورات کے صدر نوید حامد اور سماجی کارکن اور یونائیٹیڈ اگینسٹ ہیٹ کے رہنما ندیم خان شامل تھے۔

ایک گھنٹہ سے زیادہ عرصہ تک انھیں پولیس کمشنر کا انتظار کرنا پڑا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ شمال مشرقی دہلی کا دورہ کر رہے ہیں اور اسی لیے وہ دفتر نہیں آئیں گے۔ وفد ان سے ملنے ان کی رہائش گاہ گیا۔

دریں اثنا پچھلے تین دن سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے علاقے میں بڑے پیمانے پر تشدد کے ردعمل سے غیر مطمئن سینکڑوں افراد منگل کی درمیانی رات ایک احتجاجی مظاہرے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔

کیجریوال اپنی کابینہ کے ساتھیوں اور کچھ ارکان اسمبلی کے ساتھ دہلی میں مہاتما گاندھی کے مقبرے راج گھاٹ گئے تھے تاکہ وہ سکون کی دعا پڑھ سکیں۔ انھوں نے جی ٹی بی ہاسپٹل کا بھی دورہ کیا اور زخمی متاثرین سے ملاقات کی۔ لیکن انھوں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ نہیں کیا۔

شمال مشرقی دہلی میں اتوار کی سہ پہر یہ تشدد اس وقت شروع ہوا جب بی جے پی رہنما کپل مشرا نے کچھ متنازعہ تبصرے کیے اور پولیس کو سی اے اے مخالف مظاہرین سے سڑکیں صاف کروانے کے لیے الٹی میٹم دے دیا۔