مرکز نے بوڈو عسکریت پسندوں کے ساتھ سہ فریقی معاہدے پر دستخط کیے، غیر بوڈو لوگوں میں بے چینی
گوہاٹی، جنوری 27- بوڈولینڈ کے علاقے میں اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والی پانچ غیر بوڈو تنظیموں کے ذریعہ بی ٹی اے ڈی (بوڈولینڈ ٹیریٹوریل ایریا ڈسٹرکٹ) کے علاقے میں 12 گھنٹوں کی بند ہڑتال کے دوران مرکزی حکومت نے بی ٹی اے ڈی میں اسلحہ بند جدوجہد کو ختم کرنے کے لیے پیر کو بوڈو نمائندوں کے ساتھ بوڈو امن معاہدے پر دستخط کیے۔
مرکزی حکومت، ریاستی حکومت اور بوڈو نمائندوں کے مابین سہ فریقی معاہدہ کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے علاوہ آسام کے وزیر اعلی سربانند سونووال، آسام کے وزیر خزانہ ہیمنت بسوا سرما، بی ٹی اے ڈی کے چیف ہگرما مہیلاری، آل بوڈو اسٹوڈنٹس یونین (اے بی ایس یو) کے صدر پرمود بورو اور این ڈی ایف بی (نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ) کی جانب سے گوبندا باسمتری نے معاہدہ پر دستخط کیے۔
اس معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اس معاہدے سے بوڈو کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ گوہاٹی ہائی کورٹ کے خصوصی طور پر قائم ڈویژن بینچ نے بوڈو امن معاہدے پر دستخط کرنے میں آسانی کے لیے این ڈی ایف بی کے سربراہ رنجن ڈیمری کو عبوری ضمانت دے دی۔ 30 جنوری 2019 کو سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے آسام کے گوہاٹی، بونگای گاؤں اور کوکراج میں ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ان کو اور این ڈی ایف بی کے 9 دیگر عسکریت پسندوں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جس میں 88 افراد کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا تھا اور 540 افراد زخمی ہوئے تھے۔
این ڈی ایف بی (ایس) کے چیئرمین بی ساؤرایگرا، جنرل سکریٹری بی آر۔ فرینگا اور سینئر ممبران بی باتھا اور جی بیدائی مجوزہ میمورنڈم آف سیٹلمنٹ (ایم او ایس) پر پرامن بات چیت کو حتمی شکل دینے کے لیے دہلی میں موجود تھے جس پر آج دستخط ہوئے۔ حکومتوں کے ساتھ امن عمل کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار کرنے کے لیے جمعرات کے روز این ڈی ایف بی کے چند سو عسکریت پسندوں نے ریاست کی متعدد دیگر عسکریت پسند تنظیموں کے 644 عسکریت پسندوں کے ساتھ جمعرات کو گوہاٹی میں ہتھیار ڈال دیے۔
این ڈی ایف بی (ایس) کے سربراہ بی سورایگرا نے مبینہ طور پر دسمبر 2014 میں 70 آدیواسیوں کے قتل کا حکم دیا تھا۔
افواہوں پھیلی ہیں کہ نیا امن معاہدہ دوبارہ آسام کو تقسیم کرکے بوڈو عوام کو ایک الگ بوڈولینڈ ریاست یا یونین علاقائی کونسل (UTC) فراہم کرے گا۔ لیکن آسام کی تقسیم کے قیاس آرائیوں کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے اور ریاست کی علاقائی سالمیت کو برقرار رکھتے ہوئے آج بوڈو امن معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
معاہدے کی شرائط:
– بی ٹی اے ڈی کے نام کو تبدیل کرکے بی ٹی آر (بوڈولینڈ ٹیریٹوریل ریجن) کردیا گیا ہے۔ آج سے بی ٹی اے ڈی کو بی ٹی آر کے نام سے جانا جائے گا۔
– بی ٹی آر کو تین سال کے عرصے میں 1500 کروڑ روپیے کا خصوصی معاشی اور ترقیاتی پیکیج دیا جائے گا۔
– مرکزی حکومت کے ماتحت ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ بوڈو معاہدے کے نفاذ سے متعلق تمام پالیسیاں اس کمیٹی کے ذریعہ اپنائی جائیں گی۔
– بوڈو لوگوں کے سماجی، ثقافتی اور لسانی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
– آئین میں ترمیم کرکے بی ٹی آر کو مزید مالی اور انتظامی اختیارات دیے جائیں گے۔
– این ڈی ایف بی کیڈروں کی بحالی کے لیے خصوصی انتظام کیا جائے گا۔
– قبائلی عوام کے تمام حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔
– بی ٹی آر کے لیے ڈی آئی جی کی نئی پوسٹ تیار کی جائے گی۔ بی ٹی آر کے لیے ڈی آئی جی پوسٹ بنانے کے لیے آئین کے آرٹیکل 125 میں ترمیم کرنا ہوگی۔
– بوڈولینڈ کے علاقے میں توسیع پر غور کیا جائے گا۔
– بی ٹی آر میں اسمبلی نشستوں کی موجودہ تعداد 40 سے بڑھا کر 60 کردی جائے گی۔
– بوڈولینڈ نقل و حرکت کی وجہ سے اپنے لوگوں سے محروم ہونے والے ہر خاندان کو 5 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔
– مرکز بی ٹی آر کے برما میں بوڈو قوم کے والد اوپیندر ناتھ برہما کے نام سے ایک مرکزی یونی ورسٹی قائم کرے گی۔
– بی ٹی آر میں تمل پور میں کینسر ریسرچ ہسپتال اور ایک میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔
– بی ٹی آر میں ایک علاقائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (آر آئی ایم ایس) قائم کیا جائے گا۔
– بی ٹی آر کے کوکراجھار میں ایک اسپورٹس یونی ورسٹی قائم ہوگی۔
– بوڈو زبان آسام میں باضابطہ سرکاری زبان ہوگی۔
– بی ٹی آر میں ریل بوگیاں بنانے کے لیے ایک فیکٹری تعمیر کی جائے گی۔
– آسام کے دو پہاڑی اضلاع کاربی اینگلونگ اور دیما ہاسو میں رہنے والے بوڈو لوگوں کو قبائلی حیثیت دی جائے گی۔
– بی ٹی آر کو ایک نیا قومی ہائی وے ملے گا۔
– غیر بوڈو اکثریتی دیہات کو بی ٹی آر سے خارج کر دیا جائے گا اور بوڈو اکثریتی دیہات کو نئے بی ٹی آر میں شامل کیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت 30 جنوری کو 1550 بوڈو عسکریت پسند گوہاٹی میں ہتھیار ڈالیں گے۔
بوڈو عوام 1970 کے بعد سے الگ بوڈولینڈ ریاست کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ابھی تک 4،000 افراد بوڈولینڈ کی تحریک کی وجہ سے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
دوسری طرف معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل مرکز نے غیر بوڈو جماعتوں کے ساتھ بات چیت نہیں کی حالانکہ انھوں نے حکومت سے مشاورت طلب کی ہے۔ بی ٹی اے ڈی کی واحد ممبر پارلیمنٹ ہیرا سرنیا کو بوڈو تنظیموں کے ساتھ امن مذاکرات کے سلسلے میں اندھیرے میں رکھا گیا ہے۔ اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا ”غیر بوڈو لوگوں میں خدشات پائے جاتے ہیں اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ علاقے میں پائیدار امن کے مفاد کے لیے غیر بوڈو لوگوں کی رائے لے۔”
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بی ٹی اے ڈی میں بوڈو آبادی کا 30 فی صد سے زیادہ نہیں ہے۔
ایک غیر بوڈو نوجوان نے کہا "سوال یہ ہے کہ این ڈی ایف بی گروپوں کے ساتھ نئے امن معاہدے میں کیا دفعات شامل کی گئیں ہیں تاکہ غیر بوڈو افراد کے اراضی اور ملازمت کے حقوق اور سیاسی حقوق کو بچایا جاسکے۔”
مذہبی اقلیت سمیت غیر بوڈو افراد جو بی ٹی اے ڈی کے سب سے بڑے گروہوں میں سے ایک ہیں، نئے انتظامات کے تحت اپنے حقوق کے بارے میں بہت زیادہ بے چین ہیں۔
دریں اثنا آسام کوچ راجبنشی اسٹوڈنٹس یونین (اے کے آر ایس یو) نے واضح کیا ہے کہ وہ کوچ راجبنشی دیہات کو بی ٹی اے ڈی میں شامل کرنے کو قبول نہیں کریں گے۔
پیر کے روز بوڈو معاہدے پر دستخط پچھلے 27 سالوں میں تیسرا معاہدہ ہے۔ پہلے بوڈو معاہدے پر 1993 میں آل بوڈو اسٹوڈنٹس یونین (اے بی ایس یو) کے ساتھ دستخط ہوئے تھے جس کے نتیجے میں ایک محدود سیاسی طاقت کے ساتھ بوڈولینڈ خود مختار کونسل تشکیل دی گئی تھی۔ دوسرے بوڈو معاہدے پر 2003 میں بوڈو لبریشن ٹائیگرز (بی ایل ٹی) کے ساتھ دستخط ہوئے تھے جس کے نتیجے میں آسام کے چار اضلاع — کوکراجھار، چیرنگ، باسکا اور ادلگوری سمیت بوڈولینڈ ٹیریٹوریل کونسل (بی ٹی سی) کی تشکیل ہوئی جس کو آئین کے چھ شیڈول کے تحت بوڈو لینڈ ٹیریٹوریل ایریا ڈسٹرکٹ (بی ٹی اے ڈی) کہا جاتا ہے۔
بی ٹی سی کو 30 محکموں جیسے تعلیم، جنگل، باغبانی، آبپاشی، پی ڈبلیو ڈی وغیرہ کے ساتھ بااختیار بنایا گیا تھا لیکن پولیس، محصول اور عام انتظامیہ کے محکمے آسام حکومت کے ماتحت ہیں۔
بوڈو عوام گذشتہ پانچ دہائیوں سے ایک الگ بوڈولینڈ ریاست کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ بوڈولینڈ تحریک میں سینکڑوں جانیں اور عوامی املاک تباہ ہوئے ہیں۔ صرف وقت ہی یہ بتائے گا کہ بوڈو لوگ الگ بوڈو اسٹیٹ کا مطالبہ چھوڑ دیں گے یا نہیں۔ تاہم معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد بوڈو رہنماؤں کے ایک حصے نے تبصرہ کیا کہ یہ الگ بوڈو لینڈ ریاست حاصل کرنے کی طرف ایک اور اقدام ہے۔