مرکز اور ریاستوں کو اقلیتوں کا اعتماد جیتنے کے لیے کام کرنا ہوگا: پرکاش سنگھ بادل
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور شیرومانی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے سرپرست پرکاش سنگھ بادل نے اتوار کو ریاست اور مرکزی حکومت سے اقلیتوں میں عدم تحفظ کے احساس کو دور کرنے اور ان کا اعتماد جیتنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے بٹھنڈا میں ریاست کی کانگریس حکومت کے خلاف روش (احتجاج) ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’اقلیتی برادریوں کے ممبروں کے ذہنوں میں خوف، عدم تحفظ اور عدم اعتماد کی بڑھتی ہوئی ایک فضا ہے، جس کا ازالہ کرنا چاہیے۔‘‘
دہلی تشدد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا ’’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ 1984 کے بعد ہمارے ملک میں ایسا واقعہ دوبارہ ہوسکتا ہے۔ مجھے ابھی تک شدید تکلیف ہے۔ ہمیں اقلیتوں کا اعتماد جیتنے کی ضرورت ہے۔ چاہے وہ مرکز کی حکومت ہو یا ریاست کی، ہر ایک کو تمام مذاہب کے لوگوں کو ساتھ لے کر اقلیتوں کا اعتماد حاصل کرنا چاہیے… درد اور غم کی اس گھڑی میں، میں اپنے تمام کارکنوں، اکالی قائدین سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو برقرار رکھیں۔ ہمیں ان لوگوں کی مدد کرنے میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہیے جن کو ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ ہمارے گروؤں نے ہمیں ناانصافی کے خلاف لڑنا سکھایا ہے لیکن اسی کے ساتھ ہی انھوں نے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ سکون سے رہنے کے لیے بھی کہا ہے۔‘‘
یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ قوم ایک تشویشناک مرحلے سے گذر رہی ہے، سابق وزیر اعلی نے کہا ’’مذہب کے اوپر لڑائی سنگین اور تشویشناک ہے۔ ہمیں یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ انسان کو انسانیت کی ایک ہی ذات کے طور پر پہچانان جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ہمارا آئین فرقہ وارانہ ہم آہنگی، سوشلزم، مساوات اور سیکولرازم کی بات کرتا ہے۔ میں تفصیل میں نہیں جانا چاہتا کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ ملک کی سیکولر حیثیت کو برقرار رکھنا چاہیے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’ہمیں ملک کو بچانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔‘‘