مرادآباد سی اے اے مخالف احتجاج: مشہور شاعر عمران پرتاپ گڑھی پر 1.04 کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا گیا
مرادآباد، اتر پردیش، فروری 15: اردو کے نامور شاعر عمران پرتاپ گڑھی کو اترپردیش کے مرادآباد میں سی اے اے مخالف احتجاجی مقام پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی پر ہونے والے اخراجات کے لیے 1.04 کروڑ روپے جرمانہ دینے کو کہا گیا ہے۔
6 فروری کو جاری نوٹس میں مراد آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ عمران پرتاپ گڑھی شہر عیدگاہ کے قریب سی اے اے مخالف مظاہرے سے خطاب کر رہے ہیں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سی آر پی ایف، پی اے سی اور سٹی پولیس فورس کے اہلکار تعینات کیے جن کی قیمت روزانہ 13، 42،500 روپے ہے۔ یہ احتجاج 29 جنوری کو شروع کیا گیا تھا۔ مجسٹریٹ نے بتایا کہ پولیس انتظامیہ نے 1،04،08،693 روپے خرچ کیے ہیں اور "یہ رقم آپ سے لی جاسکتی ہے۔”
مجسٹریٹ نے شاعر سے کہا کہ وہ 12 فروری کو عدالت میں پیش ہوں اور جواب دیں کہ کیوں ان سے 10 لاکھ روپے کے مچلکے اور ایک ہی رقم کی دو ضمانتوں پر دستخط کرنے کی گارنٹی نہیں مانگی جائے کہ وہ اچھے سلوک اور عوامی امن کو چھ مہینے برقرار رکھیں گے۔
عمران نے اس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مظاہرین کو خوفزدہ کرنے کے لیے نئے طریقے تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن ہم اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ڈر نہیں سکتے کیونکہ لڑائی اب (ہمارے) وجود کے لیے ہے۔
یوپی کانگریس نے اس نوٹس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’’عمران پرتاپ گڑھی نے ہمیشہ ہی آئین کو بچانے کی بات کی ہے۔ انھیں آئین کے مطابق بولنے کا پورا پورا حق ہے۔ اگر یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے جرائم پیشہ افراد کی جانچ پڑتال پر اس طرح کی توجہ دی ہوتی تو ریاست نمبر ون ہو جاتی۔‘‘