مختصر مختصر: چین میں اپریل کے بعد سے اب تک کورونا وائرس کے معاملات میں سب سے زیادہ اضافے کی اطلاع، دوسری لہر کے خدشات، دیگر اہم خبریں

  1. ہندوستان میں کورونا وائرس کے 49،931 نئے معاملات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 14،35،453 ہوگئی ہے۔ وہیں 708 مزید اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد  32،771 تک جا پہنچی ہے۔ دریں اثنا 9.17 لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
  2. وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ نوئیڈا، ممبئی اور کولکاتا میں ’’ہائی تھرو پٹ‘‘ جانچ کی سہولیات کا آغاز کریں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق ان سہولیات سے ملک میں جانچ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور جلد پتہ لگانے اور علاج کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
  3. مرکز نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی صحت یابی کی شرح بڑھ کر 63.92 فیصد ہوگئی ہے۔
  4. چین نے ایک دن میں 61 نئے معاملات رپورٹ کیے۔ یہ اپریل کے بعد سے چین میں اب تک کا سب بڑا یومیہ اضافہ ہے، جو وائرس کے تازہ لہر کے خدشات کو جنم دے رہا ہے۔ 61 نئے متاثرین میں سے 57 گھریلو ہیں اور چار بیرون ملک سے آئے ہوئے ہیں۔۔
  5. کیلیفورنیا میں اسٹینفورڈ یونی ورسٹی کے محققین کے ذریعہ کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں مختلف ریاستیں جس طرح سے کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار پیش کررہی ہیں اس میں بہت تفاوت ہے۔ تحقیق کے مطابق کرناٹک وائرس رپورٹنگ کے معاملے میں سب سے بہترین ریاست ہے، جب کہ بہار اور اتر پردیش بدترین ریاستیں ہیں۔
  6. مہاراشٹر میں کانگریس کے رہنماؤں کے ایک حصے نے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے بحران کے درمیان بقرعید کی تقریبات کے سلسلے میں رہنما اصولوں پر نظرثانی کریں۔ کانگریس کے رہنما نسیم خان نے کہا کہ اس تہوار کے لیے کوئی علامتی جشن نہیں ہوسکتا ہے اور بکریوں کی آن لائن خریداری ممکن نہیں ہے۔
  7. ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے کہا کہ ہفتے میں دو دن لاک ڈاؤن اس وبائی بیماری کے خلاف جنگ میں کوئی فائدہ نہیں دے سکتا۔ انھوں نے مزید کہا ’’جب تک 14 دن کی مدت کے لیے اس پر پابندی عائد نہیں کی جاتی ہے اس وقت تک لاک ڈاؤن کسی کام کا نہیں ہوگا۔ ہفتے کے آخر میں یا دو دن کے لیے لاک ڈاؤن مسلط کرنا محض یہ تاثر دیتا ہے کہ کچھ کیا جارہا ہے۔‘‘
  8. موڈیرنا کے ذریعے ممکنہ ویکسین کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے امریکہ نے اپنی سرمایہ کاری کو دوگنا کرتے ہوئے 1 بلین ڈالر کر دیا ہےہ۔ امریکی فرم کلینیکل ٹرائلز کے فیصلہ کن آخری مرحلے کا آغاز پیر کو کرے گی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں 55،187 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔
  9. جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد اب 1.61 کروڑ ہوگئی ہے، جب کہ اموات کی تعداد 6.47 لاکھ کا ہندسہ عبور کرچکی ہے۔ وہین 93 لاکھ سے زیادہ افراد اب تک صحت یاب ہوئے ہیں۔