مختصر مختصر: شیو سینا نے ’’بھومی پوجن‘‘ سے پہلے بابری مسجد انہدام کیس کو بند کرنے کا مطالبہ کیا، ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے لیے کانگریس چلائے گی مہم، دیگر اہم خبریں
- شیوسینا نے ایودھیا میں رام مندر کے بھومی پوجن سے پہلے بابری مسجد انہدام کیس کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شیو سینا کے ترجمان ’’سامنا‘‘ نے اپنے اداریے میں قانونی واقعات کے رخ پر سوال اٹھائے اور کہا کہ اگر بابری مسجد انہدام کیس کو بھومی پوجن سے پہلے ہی خارج کردیا جاتا ہے تو یہ ان ’’شہدا‘‘ کے لیے خراج تحسین ہوگا، جنھوں نے اس کے لیے اپنی جان دی۔
- بابری مسجد انہدام کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی سی بی آئی عدالت نے ملزم رام چندر کھتری کا بیان ریکارڈ کیا، جو ایک اور معاملے میں ہریانہ کی جیل میں بند ہے۔ کھتری منگل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سونی پت جیل سے عدالت میں پیش ہوا۔ معلوم ہو کہ عدالت سی آر پی سی کی دفعہ 313 کے تحت 32 ملزمان کے بیانات ریکارڈ کررہی ہے۔
- دہلی ہائی کورٹ نے آج سی ای اے مخالف مظاہروں کے دوران شمال مشرقی دہلی میں فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق ایک معاملے میں ایک نجی اسکول کے مالک فیصل فاروق کو دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کی دہلی پولیس کی ایک نئی درخواست خارج کردی۔
- متعدد غیر سرکاری تنظیموں سمیت 40 سے زیادہ تنظیموں نے 27 سالہ طالبہ گلفشا فاطمہ کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، جس کے خلاف شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں سخت یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ فی الوقت تہاڑ جیل میں بند ہے۔ فاطمہ کو 9 اپریل کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد ملک گیر لاک ڈاؤن کے پہلے مرحلے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
- کانگریس پارٹی نے جیل میں بند ڈاکٹر کفیل خان کی رہائی کے لیے تین ہفتے طویل دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورکھپور کے رہنے والے ڈاکٹر کفیل خان سی اے اے-این آر سی مخالف مظاہروں کے دوران علی گڑھ میں ایک مبینہ اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں متھرا جیل میں بند ہیں۔ ڈاکٹر کفیل خان کی رہائی کے لیے اس مہم کی نگرانی یوپی کانگریس اقلیتی سیل کے سربراہ شاہنواز عالم کریں گے، جنھیں خود لکھنؤ میں سی اے اے مخالف مظاہرے میں حصہ لینے کے الزام میں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
- امریکا میں سان فرانسسکو بورڈ آف سپروائزرس نے منگل کو ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے لیے ہندوستانی حکومت کی سخت مذمت کی اور اسے جمہوری اقدار کے خلاف قرار دیا۔