مختصر مختصر: سپریم کورٹ نے مرکز کو ڈاکٹروں اور صحت کے کارکنوں کے قرنطینہ اور تنخواہوں سے متعلق جلد از جلد ہدایات جاری کرنے کے لیے کہا، دیگر اہم خبریں
- مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان بھر میں آج پہلی بار 2،003 کورونا وائرس اموات کی اطلاع ملی، جس کے بعد ملک میں اس مرض سے فوت ہونے والوں کی تعداد 11،903 ہوگئی۔ دہلی اور مہاراشٹر سمیت متعدد ریاستوں کے زیر التوا اعداد و شمار کو شامل کرنے کے بعد اموات کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ وہیں گذشتہ روز 10،974 نئے معاملات سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3،54،065 ہوگئی۔
- کورونا وائرس کے بحران پر تبادلۂ خیال کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وزراے اعلی کی ویڈیو کانفرنس میں مغربی بنگال نے شمولیت سے انکار کیا ہے۔ مغربی بنگال کی حکمران ترنمول کانگریس نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو بولنے والوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔
- سپریم کورٹ نے مرکز کو حکم دیا ہے کہ وہ جمعرات تک کورونا وائرس سے لڑنے والے ڈاکٹروں کے لیے قرنطینہ پروٹوکول اور صحت کے کارکنوں کی تنخواہوں سے متعلق ہدایات جاری کرے۔ عدالت اسپتالوں کے قریب ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز حاصل کرکے ڈاکٹروں کے لیے الگ رہائشی سہولیات کے حصول کی درخواست کی سماعت کررہی تھی۔
- بیجنگ میں ہوائی اڈوں نے کورونا وائرس کے انفیکشن کی نئی لہر کے خدشات کے درمیان 1200 سے زیادہ پروازیں منسوخ کردیں۔ بیجنگ میں بدھ کے روز 31 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ ان نئے معاملات نے تشویش کی نئی لہر پیدا کر دی ہے، کیوں کہ چین نے وبا پر بڑے پیمانے پر قابو پالیا تھا۔
- برطانیہ میں محققین نے دریافت کیا ہے کہ ایک دوا ڈیکسامیتھاسن وینٹیلیٹروں پر موجود کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے موت کے خطرے کو 33 فیصد تک کم کرتی ہے۔ اس دریافت کو اس انتہائی متعدی بیماری کا علاج تلاش کرنے کی عالمی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
- دہلی پولیس نے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس معاملات کے درمیان شہر میں کنٹینمنٹ زونز کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر مکمل مہر لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ دہلی میں اب تک 44،000 سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں اور 1،837 اموات ہوئی ہیں۔
- انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے کہا کہ اس نے کورونا وائرس کے لیے اب تک 60 لاکھ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی ہے۔ صرف منگل کو ہی 1،63،187 نمونوں کی جانچ کی گئی۔
- جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 81،75،482 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ اموات کی تعداد بڑھ کر 4،43،730 ہوگئی۔