مختصر مختصر: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے دسویں اور بارہویں جماعات کے بقیہ امتحانات منسوخ کیے، آئی آئی بمبئی نے بھی بقیہ سال کے لیے کلاس روم لیکچرز نہ کرنے کا اعلان کیا، دیگر اہم خبریں
- ملک بھر میں کورونا وائرس کی تعداد بڑھ کر آج صبح تک 4،73،105 تک جا پہنچی ہے۔ گذشتہ روز ملک بھر میں 16،922 نئے معاملات کا ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا ہے۔ وہیں 418 مزید اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد بھی 14،894 کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔ دریں اثنا اب تک 2.7 لاکھ سے زیادہ افراد اس مرض سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
- مرکز اور سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ انھوں نے یکم جولائی سے 15 جولائی کے درمیان طے شدہ کلاس 10 اور کلاس 12 کے بقیہ امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب حالات مناسب ہوں گے تو بورڈ امتحانات کا انعقاد کرے گا۔ انڈین سرٹیفیکٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے بھی بقیہ امتحانات منسوخ کرنے کے حکومت کے فیصلے سے اتفاق کیا ہے۔
- حیدرآباد میں قائم دواساز کمپنی ہیٹرو، جس نے شدید بیمار کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے ریمدیسور کی تیاری کی منظوری حاصل کی ہے، نے کہا ہے کہ وہ پانچ ریاستوں کو فی شیشی 5400 روپیے کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت پر دوا فراہم کرے گی۔ یہ کمپنی 20،000 شیشیوں کا پہلی کھیپ میں سے ایک ایک ہزار کر کے دو سیٹ مہاراشٹر، دہلی، تمل ناڈو، گجرات اور حیدرآباد کو بھیجے گی۔
- انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی بمبئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے باقی سال کلاس روم لیکچرز کا انعقاد نہیں کرے گا۔ آئی آئی ٹی بمبئی ایسا کرنے والا ملک کا پہلا بڑا انسٹی ٹیوٹ بن گیا۔
- دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مرکز سے اپنا وہ حکم واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، جس کے مطابق دارالحکومت میں کورونا وائرس کے تمام مریضوں کو چیک اپ کے لیے قرنطینہ مراکز کا دورہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کجریوال نے کہا کہ لوگوں کو قرنطینہ سہولیات پر بھیجنا بھی ’’15 دن کی نظربندی‘‘ کی طرح ہوگا۔ جمعرات کو دارالحکومت میں کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد 70،000 کے ہندسے کو عبور کر گئی۔
- دہلی ہائی کورٹ نے مرکز اور عام آدمی پارٹی کی زیرقیادت حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے بستروں کی دستیابی کے بارے میں اصل اعداد کی تازہ کاری نہ کرنے والے اسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ عدالت نے حکومت کو خصوصی افسروں کی تقرری کی ہدایت کی تاکہ اسپتال کے حکام کے ساتھ مواصلات کا فرق نہ رہے۔
- کیرالہ حکومت نے کورونا وائرس کے معاملات میں اضافے کے درمیان خلیجی ممالک سے واپس آنے والے اپنے شہریوں کے لیے حفاظتی اصولوں کا اعلان کیا۔ حکومت کے نئے رہنما خطوط میں پروازوں پر سوار ہونے سے پہلے کورونا وائرس کے لازمی ٹیسٹ اور ذاتی حفاظتی آلات کا استعمال شامل ہے۔
- جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی کورونا وائرس کے معاملات تعداد 94،31،973 تک جا پہنچی ہے اور اموات کی تعداد 4،82،805 کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔ وہیں اب تک دنیا بھر میں 47 لاکھ سے زیادہ افراد اس مرض سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ عالمی سطح پر معاملات اگلے ہفتے کے اندر ایک کروڑ کا ہندسہ عبور کرلیں گے۔