مختصر مختصر: ترواننت پورم میں ساحلی علاقوں میں 27 جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ، دیگر اہم خبریں
- ہندوستان میں کورونا وائرس کے لگ بھگ 35،000 نئے معاملات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 10،38،716 ہوگئی۔ وہیں اموات کی تعداد 26،273 تک جا پہنچی ہے۔
- ترواننت پورم ضلعی حکام نے کورونا وائرس کے معاملات میں کمیونٹی ٹرانسمیشن کے دوران لاک ڈاؤن کو مؤثر طریقے سے برقرار رکھنے کے لیے ساحلی علاقوں کو تین اہم کنٹینمنٹ زون میں تقسیم کیا ہے۔ ان علاقوں میں 18 جولائی سے 27 جولائی تک 10 دن سخت لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ دریں اثنا کیرالہ کی وزیر صحت کے کے شیلاجہ نے کہا کہ ریاست کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے ’’کلسٹر کیئر‘‘ کا طریقہ نافذ کرے گی۔ واضح رہے کہ ریاست میں اب تک 11،659 معاملات سامنے آئے ہیں۔
- مدراس ہائی کورٹ نے یوگا گرو رام دیو کی پتنجلی آیوروید کو اپنی ایک دوا کے لیے ’’کورونل‘‘ کا ٹریڈ مارک استعمال کرنے سے روک دیا۔ اس کمپنی نے گذشتہ ماہ دعوی کیا تھا کہ اس نے کورونا وائرس کا علاج ڈھونڈ لیا ہے۔ چنئی میں مقیم ایک کمپنی اروڈرا انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نے درخواست دائر کی تھی کہ وہ 1993 سے ہی ’’کورونل‘‘ نامی ٹریڈ مارک کی مالک ہے۔
- مہاراشٹر کابینہ کے وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے کورونا وائرس وبائی امراض کے درمیان ستمبر کے آخر تک یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے ذریعے سالِ آخر کے طلبا کے امتحانات لینے کے مرکز کی ہدایت کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ یہ درخواست شیوسینا کے یوتھ ونگ ’’یووا سینا‘‘ نے دائر کی ہے، جس کی قیادت ٹھاکرے کررہے ہیں۔
- کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافے پر بی جے پی حکومت پر حملہ کیا اور کہا ہے کہ اس بیماری نے ریاست میں ایک خطرناک صورت اختیار کرلی ہے کیوں کہ وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے جانچ پڑتال اور رابطے کا سراغ لگانے جیسے اہم اقدامات پر توجہ نہیں دی۔ اترپردیش میں آج گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1،986 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔
- امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکیوں کو کورونا وائرس پھیلانے پر قابو پانے کے لیے وہ انھیں ماسک پہننے کا حکم نہیں دیں گے۔ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’’مجھے اس بیان پر یقین نہیں ہے کہ اگر سب نے ماسک پہن لیا تو سب کچھ ختم ہوجاتا ہے۔‘‘
- عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ وبائی مرض کی وجہ سے دنیا کے مختلف حصوں میں تنازعات اور انسانیت سوز بحرانوں کے بڑھنے کا خطرہ ہے۔
- جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کے معاملات کی تعداد اب 1.4 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ اموات کی تعداد 6.01 لاکھ کو عبور کر چکی ہے۔ اب تک 79 لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔