متحدہ عرب امارات کا اسرائیل کیساتھ سفارتی رابطے منقطع کرنے کا اعلان
دبئی ،06اپریل :۔
غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے تقریب چھ ماہ بعد 32 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیاہے۔ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کا اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان 2 اپریل کو غزہ میں 7 امدادی کارکنوں پر اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔اماراتی وزارت خارجہ نے اس واقعے پر اسرائیلی سفیر امیر ہائیک سے فون کال کرکے برہمی کا اظہار کیا۔
اسرائیل کے وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز اور اماراتی ہم منصب عبداللہ بن زاید کے درمیان فون کال کے ذریعے اس معاملے پر گفتگو ہوئی۔
متحدہ عرب امارات اُن ممالک میں شامل ہے جنہوں نے ستمبر 2020 میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے امریکی ثالثی میں ابراہیم معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
یاد رہے کہ 2 اپریل کو وسطی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں غیر ملکی این جی او ورلڈ سینٹرل کچن (ڈبلیو سی کے) کے 7 امدادی کارکن ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد یورپی یونین نے حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا جبکہ آسٹریلیا، اسپین سمیت دیگر ممالک نے مذمت کی تھی۔