مالیگاؤں دھماکہ کی ملزمہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر وزیر دفاع کی سربراہی والی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے لیے نامزد
نئی دہلی، 21 نومبر — بھوپال سے تعلق رکھنے والی بی جے پی کے ممبر پرگیہ سنگھ ٹھاکر، جو مالیگاؤں بم دھماکے کی ملزمہ ہیں، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی سربراہی میں دفاع سے متعلق 21 رکنی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کی ممبر نامزد ہوئی ہیں۔
پرگیہ کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت کئی الزامات کا سامنا ہے۔ وہ فی الحال صحت کی بنیاد پر ممبئی ہائی کورٹ کی ضمانت پر ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (ایم سی او سی اے) کے تحت ان کے خلاف الزامات عائد کرنے کے بعد اپریل 2017 میں انہیں ضمانت دی گئی تھی۔
انہوں نے متعدد تنازعات کا سامنا بھی کیا، ان میں سے ایک ان کا بیان تھا جس میں انہوں نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دیا تھا لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان کے بعد کہ ان کے بیانات معاشرے کے لیے نقصان دہ ہیں، انھوں نے اپنا بیان واپس لے لیا تھا۔