مالیگاؤں دھماکہ معاملہ: سخت تنبیہ کے بعد ملزمہ پرگیہ ٹھاکر عدالت میں پیش
ممبئی،نئی دہلی،26 اپریل :۔
شدت پسند ہندو رہنما اور مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکربالآخر عدالت کی سخت تنبیہ کے بعد عدالت میں حاضر ہوئیں اور ممبئی کی ایک خصوصی عدالت میں 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس میں اپنا حتمی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیش ہوئیں۔
خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے کئی بار نوٹس جاری کئے جانے کے باوجود وہ معاملہ میں حاضر نہیں ہو رہی تھی، جس پر خصوصی عدالت نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر پرگیہ ٹھاکر 25 اپریل کو پیش نہیں ہوئیں تو انہیں کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کی ملزمہ پرگیہ ٹھاکر خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کئی بار عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تھیں۔ عدالت نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو کل سے مقدمے کی کارروائی کے دوران مستقل طور پر حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ سادھوی کے وکیل نے ایک بار پھر عدالت میں ان کی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرائل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عدالت کے کمرے سے باہر آتے ہوئے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ میں جسمانی طور پر بہت بیمار ہوں، میری صحت بہت زیادہ خراب ہے، میں کھڑی نہیں ہو پاتی ہوں۔ میں نے اپنا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ اس کے باوجود جب تک میرا جسم ساتھ دے گا، میں لڑتی رہوں گی۔
ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ٹرائل میں باقاعدگی سے حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ گزشتہ ماہ عدالت نے عدالتی کارروائی کے دوران حاضر نہ ہونے پر پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف 10 ہزار روپے کا ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔ اس کے بعد پرگیہ کے وکیل نے عدالت کو ملزمہ کی طبیعت کی ناسازی کی اطلاع دی تھی اور بتایا تھا کہ وہ عدالتی کارروائی میں شریک نہیں ہو سکتی۔ عدالت نے اس ماہ این آئی اے کو ملزمہ کی صحت کی تصدیق کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی غیر موجودگی کارروائی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
واضح رہے کہ 29 ستمبر 2008 کو مہاراشٹر کے ناسک شہر کے مالیگاؤں میں موٹر سائیکل میں رکھے ہوئے دھماکہ خیز مواد میں دھماکہ ہوا تھا۔ اس حادثے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ اس کی تفتیش اس وقت کی مہاراشٹر کی اے ٹی ایس نے کی تھی جس نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اس معاملے میں اہم ملزم قرار دیا تھا۔ اے ٹی ایس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جس موٹر سائیکل پر دھماکہ ہوا تھا وہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا ہی تھا۔