لوک سبھا الیکشن2024:مغربی اتر پردیش میں مسلم رائے دہندگان کو ووٹنگ سے روکنے کا الزام

سنبھل میں مسلم رائےدہندگان کو پولیس بوتھ کے باہر  مار نے پیٹنے  کا ویڈیو وائرل،کہیں ووٹنگ سست کرانے اور کہیں مسلمانوں کو ووٹ دینے سے روکنے کی کوشش

نئی دہلی ،07 مئی :۔

لوک سبھا انتخابات 2024 کے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ آج ہو رہی ہے۔وزیر اعظم نے گجرات میں ووٹ ڈالنے کے بعد ملک کی جمہوریت کی تعمیر کی ہے دریں اثنا اتر پردیش کے مختلف مقامات پر ووٹنگ کے دوران انتظامی افسران اور پولیس کی جانب سے رخنہ ڈالنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں،خاص طور پر مسلم رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے سے روکنے اور بزرگوں کے ساتھ مار پیٹ کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ ووٹنگ کے درمیان سماجوادی پارٹی نے بھی الیکشن کو متاثر کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ سماجوادی پارٹی نے کہا ہے مین پوری سے لے کر سنبھل، بدایوں، آنولہ اور آگرہ سمیت تمام مقامات پر مسلم ووٹروں کو پریشان کرنے اور ان پر دباؤ بنایا جا رہا ہے۔

سماجوادی پارٹی نے یکے بعد دیگرے کئی ٹوئٹ کئے اور الگ الگ پولنگ بوتھوں پر ووٹروں کو پریشان کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کہیں ای وی ایم خراب ہے تو کہیں پریزائڈنگ آفیسر سماجوادی پارٹی کے بوتھ سربراہان کو ایجنٹ بنانے سے روک رہے ہیں۔ پارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ کئی بوتھوں پر جان بوجھ کر ووٹنگ سست رفتار سے کرائی جا رہی ہے اور مسلم ووٹروں کو دھمکایا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا ایکس پر ایک ویڈیو ائرل ہو رہا ہے جہاں پولنگ بوتھ کے سامنے پولیس اہلکاروں پر ایک بزرگ مسلم ووٹر کے ساتھ مار پیٹ کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر پولنگ بوتھ کے باہر تعینات پولیس اہلکاروں پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ مسلم رائے دہندگان کی آئی ڈی چیک کر کے انہیں بھگا رہے ہیں اور ووٹ دینے سے روک رہے ہیں ،مسلم خواتین کے ساتھ بھی بد سلوکی کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل ووٹنگ کے دوران رام پور میں بھی اس طرح کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔

سماج وادی پارٹی نے سنبھل سیٹ پر مسلم ووٹروں پر ان کے شناختی کارڈ چھین کر ووٹ ڈالنے سے روکنے کا بھی الزام لگایا۔ ایس پی نے کہا، بدایوں کے سہسوان میں چھوٹی پرچیوں کی وجہ سے ووٹروں کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا۔ سماج وادی پارٹی نے کئی سنگین الزامات لگائے ہیں اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان مسائل کا نوٹس لے۔ پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ان معاملات کو نوٹس لے تاکہ شفاف ووٹنگ ہو سکے۔

خیال رہے کہ آج یوپی میں تیسرے مرحلے کے لیے دس سیٹوں سنبھل، ہاتھرس، آگرہ، فتح پور سیکری، فیروز آباد، مین پوری، ایٹہ، بدایوں، آملہ اور بریلی میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ان میں سے یادو خاندان کے تین افراد ڈمپل یادو، آدتیہ یادو اور اکشے یادو تین سیٹوں مین پوری، بدایوں اور فیروز آباد سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔