لاک ڈاؤن: یوگی آدتیہ ناتھ نے اترپردیش میں 30 جون تک عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی
اترپردیش، اپریل 25: یو پی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 30 جون تک ریاست میں کسی بھی عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ آفس نے ٹویٹ کیا ’’وزیر اعلی نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ 30 جون تک کسی بھی عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صورت حال کے پیش نظر اس کے بعد کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘‘
وزارت صحت کے مطابق اترپردیش میں اب تک 1،621 واقعات سامنے آئے ہیں اور 25 اموات ہوئی ہیں۔
اے این آئی کے مطابق یہ فیصلہ ریاست کی 11 کمیٹیوں کے چیئرپرسنوں کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو وزرائے اعلی سے ملاقات کریں گے اور لاک ڈاؤن کے بعد کے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ افسروں کو لوگوں کو پیسہ پہنچانے کے لیے ڈاک کی مدد لینی چاہیے تاکہ وہ بینکوں میں ہجوم سے بچ سکیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں لگ بھگ چھ لاکھ افراد نے 14 دن قرنطینہ میں گزارے ہیں اور اب وہ گھر ہیں۔ اگر کوئی قرنطینہ سے بھاگتا ہے تو اس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی جائے۔
وزیر اعلی نے رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی لوگوں کو گھر میں ہی نماز پڑھنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلی کے دفتر کے مطابق ’’رمضان کا مہینہ شروع ہوچکا ہے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر تمام مذہبی رہنماؤں نے لوگوں سے گھر پر رہنے اور گھر پر ہی نماز ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کہیں بھی کوئی پروگرام نہ ہو، کیوں کہ اس سے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔‘‘