لالو یادو سے پوچھ گچھ کے لئے بیٹی میسا بھارتی کے گھر پہنچی سی بی آئی
بیٹی روہنی آچاریہ کا شدید رد عمل ،ٹوئٹ میں لکھا یہ لوگ پاپا کو پریشان کر رہے ہیں ،اگر انہیں کچھ ہوا تو دہلی کی کرسی ہلا کر رکھ دیں گی
نئی دہلی،07مارچ :۔
زمین کے عوض ملازمت کے معاملے میں لالو خاندان کی مشکلیں کم نہیں ہو رہی ہیں ۔گزشتہ روز لالو کی بیوی اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی سے پوچھ گچھ کے لئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچی تھی اور آج پھر سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے عہدیداروں کی ایک ٹیم پوچھ گچھ کے لئے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور ریلوے کے سابق وزیر لالو یادو کی بیٹی اور راجیہ سبھا کی رکن میسی بھارتی کی دہلی واقع رہائش گاہ پر پہنچی۔ ذرائع کے مطابق لالو پرساد کی گھٹنے کی سرجری کے بعد طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ بولنے سے بھی قاصر ہیں۔
6 مارچ 2023 کو سی بی آئی کے اہلکاروں نے رابڑی دیوی سے ان کی رہائش گاہ پر زمین کے عوض نوکری دلانے کے مبینہ گھوٹالہ کیس میں پوچھ گچھ کی تھی۔ اب سی بی آئی کی ٹیم اسی معاملے کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے میسا بھارتی کے گھر پہنچ گئی۔ اس ٹیم میں سی بی آئی کے 7-8 افسران شامل تھے۔
دریں اثنا،، لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی اچاریہ نے مرکزی حکومت پر ان کے والد کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ روہنی اچاریہ نے ٹوئٹ کیا ’’پاپا کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اگر انہیں کچھ ہوا تو میں کسی کو نہیں چھوڑوں گی۔ پاپا کو پریشان کر رہے ہیں، یہ ٹھیک نہیں ہے۔ سب یاد رہے گا۔ وقت طاقتور ہے، اس میں بڑی طاقت ہے۔ یہ یاد رکھنا ہوگا۔‘‘ روہنی نے مزید ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ لوگ پاپا کو پریشان کر رہے ہیں۔ اگر ان کی ہراسانی کی وجہ سے انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہوا تو وہ دہلی کی کرسی کو ہلا کر رکھ دیں گی۔ اب برداشت کرنے کی حد جواب دے رہی ہے۔
خیال رہے کہ دہلی کی راؤز ایونیو ڈسٹرکٹ کورٹ نے رابڑی دیوی، لالو پرساد اور دیگر کو 15 مارچ کو حاضر ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔ سی بی آئی کو اس معاملے میں لالو پرساد کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری مل گئی ہے۔