قومی سطح پر تیار کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کٹس مئی میں دستیاب ہوں گی: مرکزی وزیر صحت
نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے منگل کے روز کہا کہ ملک مئی تک قومی سطح پر کورونا وائرس کی جانچ کٹس تیار کر سکے گا۔
مرکزی وزیر صحت نے کہا ’’ہم مئی تک ہندوستان میں آر ٹی-پی سی آر اور اینٹی باڈی ٹیسٹ کٹس تیار کرسکیں گے۔ تمام کام جدید مراحل میں ہیں اور آئی سی ایم آر سے منظوری ملنے کے بعد ان کو بنانا شروع ہوگا۔ اس سے31 مئی تک ہمارے روزانہ ایک لاکھ ٹیسٹس کے ہدف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘
اس سے قبل ڈاکٹر ہرش وردھن نے دہلی کے ایل جی، دہلی کے وزیر صحت، ایم سی ڈی کمشنرز، ڈی ایم اور ڈی سی اور دہلی کے تمام اضلاع کے ڈی سی پیز اور ضلعی نگرانی کے افسران اور سرکاری اسپتالوں کے سربراہوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 29،435 تصدیق شدہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ منگل کو وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے بتایا کہ ان میں سے 6،869 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ جب کہ 934 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔