قطر میں 8 سابق ہندوستانی بحریہ کے افسران کو سزائے موت ، اسرائیل کیلئے جاسوسی کا الزام
ہندوستانی وزارت خارجہ نے سزائے موت پر حیرانی کا اظہار کیا،تمام طرح کی قانونی امداد فراہم کرانے کا وعدہ
نئی دہلی،27اکتوبر :۔
عرب ملک قطر سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے ۔گزشتہ روز 26 اکتوبر کو قطر میں 8 سابق ہندوستانی نیوی افسروں کو موت کی سزا سنائی گئی ۔ان تمام سابق افسران پر اسرائیل کیلئے جاسوسی کا الزام ہے ۔قطر حکومت کے اس فیصلے پر ہندوستان میں حیرانی ہے ۔وزارت خارجہ نے حیرانی کا اظہار کیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق آٹھ ماہ قبل قطر میں بھارتی بحریہ کے 8 سابق افسران کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ گرفتاری گزشتہ سال ستمبر میں ہوئی تھی۔ اس معاملے میں بھارتی وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سزائے موت کے فیصلے سے ہم حیران ہیں۔ تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا، "ہم خاندان کے ارکان اور قانونی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام قانونی آپشنز کی تلاش کر رہے ہیں۔” ہم اس معاملے کو بہت اہم سمجھتے ہیں اور اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تمام قونصلر اور قانونی مدد فراہم کرتے رہیں گے۔ فیصلہ قطری حکام کے ساتھ بھی اٹھائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تمام افسران ہندوستانی بحریہ میں مختلف عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ ان پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام ہے۔ ان 8 افراد میں نامور افسران بھی شامل ہیں۔ اس وقت دہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اور کنسلٹنسی سروسز کے لیے کام کر رہے تھے۔ یہ ایک نجی فرم ہے، جو قطر کی مسلح افواج کو تربیت اور متعلقہ خدمات فراہم کرتی ہے۔
ان آٹھ سابق افسروں کے نام کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن بیرندر کمار ورما، کیپٹن سوربھ وششٹ، کمانڈر امیت ناگپال، کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سوگناکر پاکالا، کمانڈر سنجیو گپتا اور سیلر راگیش ہیں۔ ان تمام کو جاسوسی کے الزام میں پوچھ گچھ کے لیے ان کی مقامی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔