فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جنتر منتر پر زبر دست مظاہرہ
فرینڈز آف فلسطین کے زیر اہتمام مظاہرہ میں فلسطین کی آزادی کے لئے نعرے لگائے گئے ، پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لیا
نئی دہلی ،27اکتوبر :۔
ملک میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں ،اگر چہ حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں حراست میں لیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود انصاف پسند طبقہ مظلوم فلسطینیں کی حمایت میں آواز بلند کر رہا ہے ۔آج جمعہ کو ایک بار پھر ملک کی راجدھانی دہلی کے جنتر منتر پر بڑی تعداد میں مظلومین فلسطینیوں کی حمایت میں زبر دست مظاہرہ کیا گیا ۔ آج جمعہ کے بعد فرینڈز آف فلسطین کے زیر اہتمام فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک پرامن احتجاج کا اہتمام کیا،۔اس مظاہرہ میں سیکڑوں لوگ دہلی کے مختلف علاقوں سے شریک ہوئے ،اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں جاری نسل کشی کے خلاف آواز بلند کی۔
واضح رہے کہ فرینڈز آف فلسطین نے پہلے سے ہی مظاہرہ کی اپیل کی تھی اور پوسٹر جاری کر کے سوشل میڈیا کے ذریعہ لوگوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی بھی اپیل کی تھی۔
جنتر منتر پر مظاہرہ کے دوران اسرائیل کے مظالم کے خلاف نعرے لگائے-طلباء اور خواتین کی نمایاں شرکت کے باوجود دہلی پولیس نے بہت سے لوگوں کو حراست میں لے لیا اور انہیں زبردستی روکا گیا نیز 7بسوں میں لے بھر کے انہیں مظاہرہ کی جگہ سے لے گئی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس ان کو مظاہرے اور آزادی اظہار کے جمہوری حق سے محروم کر رہی ہے۔
دریں اثنا فرینڈز آف فلسطین نے پریس کو جاری بیان میں کہا کہ ہمارا پیغام واضح ہے: فوری جنگ بندی، غزہ کا محاصرہ ختم، اور بچوں اور خواتین سمیت فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل کو روکنے کے لیے بین الاقوامی مداخلت۔ ہم اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
ہم حکومت ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کی آزادی اور ریاستی حیثیت کے لیے فعال طور پر تعاون کرے، یہ ہمارے قومی مفاد میں ہے اور عالمی انصاف کے مقام پر ہندوستان کو فروغ دینا ہے۔ ہندوستان فلسطینی کاز کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کو برقرار رکھتا ہے۔