فرضی حملے کی شکایت کے والا سپاہی گرفتار، اس نے جھوٹا دعویٰ کیا تھا کہ حملہ آوروں نے اس کی پیٹھ پر ’’PFI‘‘ لکھا تھا

نئی دہلی، ستمبر 27: بھارتی فوج کے ایک سپاہی کو اس کے دوست کے ساتھ منگل کے روز کیرالہ میں چھ لوگوں کے بارے میں غلط معلومات دینے اور ان کے ذریعے اس کی پیٹھ پر ’’PFI‘‘ پینٹ کرنے کا جھوٹا دعویٰ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

سپاہی شائن کمار نے دعویٰ کیا تھا کہ کولم میں اس کے گھر کے قریب ربڑ کے جنگل میں اتوار کی رات اس پر حملہ کیا گیا تھا۔ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے ہاتھ ٹیپ سے باندھے گئے اور اس کی پیٹھ پر سبز پینٹ سے ’’PFI‘‘ پینٹ کیا گیا۔

پی ایف آئی سے مراد پاپولر فرنٹ آف انڈیا ہے، ایک ایسی تنظیم جس پر گذشتہ سال ستمبر میں مرکزی حکومت نے پابندی لگا دی تھی۔

تاہم کولم رورل کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آر پرتھاپن نائر نے کہا ’’اس نے کڈکل پولس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی، لیکن تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس کی شکایت جھوٹی تھی۔‘‘

پولیس نے وہ سبز پینٹ، برش اور ٹیپ برآمد کر لیے ہیں جو مبینہ طور پر واقعے میں استعمال کیے گئے تھے۔

اس کے دوست نے دعویٰ کیا کہ کمار نے اسے اس کو مارنے کے لیے کہا تھا اور اس نے مشہور ہونے کے لیے اپنی پیٹھ پر خود ہی ’’PFI‘‘ لکھوایا۔

اس کے دوست نے بتایا کہ ’’میں نشے میں تھا، اس لیے میں نے شروع میں DFI لکھا، لیکن اس نے PFI لکھنے کو کہا۔ پھر اس نے مجھ سے اسے مارنے کو کہا، لیکن میں نے کہا کہ میں نہیں مار سکتا، کیوں کہ میں نشے میں تھا۔ لہذا اس نے مجھ سے اس کے منہ اور ہاتھوں پر ٹیپ لگانے اور پھر چلے جانے کو کہا۔‘‘

ہندوستان ٹائمز کے مطابق کمار راجستھان میں ہندوستانی فوج کے الیکٹرانکس اور مکینیکل انجینئرز کور میں تعینات ہے۔