غزہ کے اسپتالوں میں محض دو دنوں کا ایندھن باقی،ایندھن نہیں ملاتو کام کرنا چھوڑ دیں گے:فلسطینی وزارت صحت
غزہ ،15نومبر :۔
اسرائیل غزہ کے اسپتالوں پر مسلسل بمباری کر رہا ہے جس کی وجہ سے غزہ میں صحت کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے ۔دریں اثنا فلسطینی وزیر صحت مائی الکائلہ نے منگل کے روز کہا کہ غزہ کی پٹی میں خدمات فراہم کرنے والے باقی اسپتالوں کو اگر دو دن کے اندر ایندھن کی فراہمی نہیں کی گئی تو وہ کام کرنا بند کر سکتے ہیں۔
العربیہ کے نشریاتی ادارے نے رپورٹ کیا کہ الکائلہ نے کہا کہ اگر 48 گھنٹوں کے اندر ایندھن کی فراہمی نہ کی گئی تو غزہ کی پٹی کے تمام ہسپتال کام بند کر دیں گے۔ اب تک 25 اسپتالوں نے ایندھن کی کمی یا شیلنگ کی وجہ سے اپنی خدمات بند کر دی ہیں اور صرف 10 کام کرنے والے اسپتال رہ گئے ہیں، جہاں خدمات جاری ہیں۔
الکائلہ کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کا سب سے بڑا الشفاء اسپتال کو مکمل طور پر اسرائیلی فوجیوں نے گھیر لیا ہے۔ الشفا کمپلیکس کو خالی کرنے کا فیصلہ اسپتال انتظامیہ نے کیا ہے۔ یہ ایک مشکل مسئلہ ہے، کیونکہ کمپلیکس میں زخمیوں کی ایک بڑی تعداد ہے اور ان میں سے بہت سے وینٹی لیٹرز پر ہیں اور اگر یہ مدد منقطع ہو جائے تو انہیں بچایا نہیں جا سکتا۔