غزہ میں اسرائلی بمباری کا سلسلہ جاری، اب تک 31 صحافیوں کی بھی موت
غزہ ،31 اکتوبر :۔
غزہ میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے ۔بی بی سی کے مطابق غزہ کی صورتحال سے متعلق ویڈیوز میں دھماکوں، طیاروں اور جنگی ڈرونز کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔یہ سلسلہ گزشتہ رات بھر جاری رہی ۔ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں اور اس کے ٹینک غزہ کے اندر دیکھے گئے ہیں۔
دریں اثنا، لاکھوں فلسطینی شہری غزہ میں ایک اور بے چین رات گزار رہے ہیں، ان میں سے بہت سے اسرائیلی دھمکیوں کے بعد غزہ کے شمالی حصے سے نکلنے کے بعد پناہ گزین کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
دوسری طرف کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ نامی تنظیم کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع کے دوران اب تک 31 صحافی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 26 فلسطینی اور چار اسرائیلی صحافی ہیں۔
ان کے علاوہ ایک لبنانی صحافی بھی ہلاک ہوا ہے جبکہ آٹھ صحافی زخمی ہوئے ہیں۔ کمیٹی کے مطابق نو صحافی لاپتہ یا حراست میں ہیں۔پیرکو جاری ہونے والے ایک بیان میں کمیٹی نے کہا کہ غزہ میں صحافیوں کو اسرائیلی بمباری اور زمینی حملے کے پیش نظر شدید خطرات کا سامنا ہے۔
ہلاک ہونے والے صحافیوں میں رشدی سراج نامی فلسطینی فلم ساز اور عالمی خبر رساں ادارے روئٹرز کے ویڈیو گرافر اعصام عبداللہ بھی شامل ہیں۔
کمیٹی کے مطابق اعصام لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیل کی جانب سے ہونے والی بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر تفتیش کر رہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے روئٹرز اور اے ایف پی کو بتایا ہے کہ وہ غزہ میں ان خبر رساں اداروں سے منسلک صحافیوں کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتی۔