غزہ اجتماعی قبر میں تبدیل ہو رہا ہے ، اداکارہ انجلینا جولی
غزہ ،02نومبر :۔
فلسطین میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے ۔گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے پناہ گزین کیمپ جبالیہ کیمپ پر بمباری کر کے سیکڑوں لوگوں کو شہید کر دیا جس پر دنیا کا نصاف پسند طبقہ فکر مند ہے ۔ بین الاقوامی اسٹار انجلینا جولی نےبھی غزہ کی پٹی کے مکینوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی مذمت کی ہے اور انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جبالیہ مہاجر کیمپ کے قتل عام کی تصویر بھی شیئر کی۔اسرائیلی حملے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی کے علاوہ سیکڑوں شہری مارے گئے۔
انہوں نے لکھا، ’’یہ ایک محصور آبادی پر جان بوجھ کر بمباری ہے جس میں بھاگنے کی جگہ نہیں ہے۔‘‘غزہ تقریباً دو دہائیوں سے ایک کھلی جیل ہے اور تیزی سے اجتماعی قبر بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ’’کہ مرنے والوں میں 40 فیصد معصوم بچے ہیں اور پورے پورے خاندان مارے جا رہے ہیں، جب کہ وہ دنیا بھر کی حکومتوں کے تعاون کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ لاکھوں فلسطینی شہری جن میں بچے، خواتین اور خاندان شامل ہیں، اجتماعی تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔ جبکہ وہ خوراک، ادویات اور انسانی امداد سے محروم ہیں، جو کہ بین الاقوامی قانون کے منافی ہے، انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے مطالبے سے انکار اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھی دخل اندازی سے روکا جا رہا ہے۔‘‘دونوں فریقوں کے رہنما جنگ بندی نہ کر کے جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل انجلینا نے اسرائیل اور حماس کے درمیان نئی لڑائی پر تبصرہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حماس کے ذریعہ گزشتہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ "غزہ میں شہری آبادی پر بمباری کے نتیجے میں معصوم جانوں کے ضیاع کا جواز نہیں بنتا۔