غزہ:اب تک 24,762 فلسطینی جاں بحق, 20 ہزار بچوں کی پیدائش
غزہ ،20جنوری :۔
غزہ میں گزشتہ 7 اکتوبر سے جنگ جاری ہے ۔اسرائیل نے غزہ کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ۔اس تباہی میں اب تک 24،762 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ غزہ میں وزارتِ صحت نے جمعہ کو کہا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ میں فلسطینی علاقے میں 24,762 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تعداد میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 142 ہلاکتیں شامل ہیں جبکہ 7 اکتوبر کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے 62,108 افراد زخمی ہو چکے ہیں
وہیں دوسری طرف اقوام متحدہ نے جمعہ کو کہا ہے کہ غزہ میں تین ماہ قبل شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں کے بعد سے اب تک ہزاروں بچے ایسے حالات میں پیدا ہوئے ہیں جو ’ناقابل یقین‘ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یونیسیف کی ترجمان ٹیس انگرام نے غزہ کی پٹی کے حالیہ دورے کے بعد بتایا کہ مائیں خون بہنے کی وجہ سے موت کے منہ میں جا رہی ہیں۔ نرس کو بچوں کی جان بچانے کے لیے چھ مردہ خواتین کا ہنگامی طور پر بڑا آپریشن کرنا پڑا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد سے اب تک تقریباً 20 ہزار بچے پیدا ہو چکے ہیں۔