
عیدوں و تہواروں پر تقریبات کا انعقاد سماجی یکجہتی کے فروغ کا ذریعہ
جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ کے عید ملن پروگرام میں سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
حیدرآباد (دعوت نیوز ڈیسک)
جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ کے زیر اہتمام 3؍ اپریل کی شام بمقام خواجہ منشن، مانصاحب ٹینک پر ایک شاندار و پروقار عید ملاپ تقریب منعقد ہوئی جس میں معززین شہر، مسلم و غیر مسلم شخصیات، سیاسی و سماجی رہنما اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ، سابق چیئرمین وقف بورڈ محمد سلیم، ٹی آر ایس مائناریٹی ونگ کے لیڈر عبداللہ سہیل، چنور سے ایم ایل اے جی ویویک، ایم ایل اے وجے، مائناریٹی فائنانس کارپوریشن کے چیئرمین عبیداللہ کوتوال، سابق امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ، مولانا حامد محمد خاں، ناظم شہر عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر مبشر احمد، پروفیسر کودنڈا رام، سابق ڈائریکٹر ریزرو بینک آف انڈیا، مولانا غیاث احمد رشادی (صدر صفا بیت المال) شجاعت علی صوفی، سابق ڈائریکٹر دوردرشن و ترجمان کانگریس، پروفیسر ایس اے شکور، ڈائریکٹر سی ای ڈی ایم، یوسف شریف آئی ایف ایس، پروفیسر سید جہانگیر نظامی اور دیگر معزز شخصیات شریک تھیں۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ ڈاکٹر خالد مبشرالظفر نے تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر مہمانانِ گرامی نے خوشگوار ماحول میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور اس تاثر کا اظہار کیا کہ عیدوں و تہواروں کے موقع پر ایسی تقریبات ایک دوسرے کو سمجھنے اور قربت بڑھانے کا ذریعہ بنتی ہیں، ساتھ ہی یہ بین المذاہب یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جو آج کے حالات میں بے حد ضروری ہے۔
تقریب میں سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ مرکزِ توجہ رہے جنہوں نے تقریب کے منتظمین کے ساتھ سیاسی و سماجی امور پر غیر رسمی گفتگو کی اور مسائل کے حل کے لیے باہمی تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر خالد مبشرالظفر، امیر حلقہ، جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ نے اپنی گفتگو میں رمضان اور عید الفطر کی روحانی و سماجی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ موقع صرف خوشی اور مسرت کا ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان صبر، ایثار اور اخوت کا درس دیتا ہے اور عید ان اعلیٰ اقدار کے عملی اظہار کا دن ہے۔
دیگر معزز شخصیات نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مذاہب اور طبقات کے افراد کے درمیان ایسے میل جول سے نہ صرف باہمی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ سماج میں اتحاد اور بھائی چارے کی فضا بھی قائم ہوتی ہے۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 13 اپریل تا 19 اپریل 2025