عوامی جلسے میں بی جے پی رہنما کا اعتراف ،عصمت دری اور قتل کے مجرموں کو بچایا

مدھیہ پردیش کے ستنا ضلع کے ناگوڈ اسمبلی سے بی جے پی کے امیدوارناگیندر سنگھ کے چھوٹے بھائی چھتر سال کا ویڈیو وائرل

نئی دہلی ،14نومبر :۔

آئندہ مدھیہ پردیش راجستھان اور تلنگانہ سمیت پانچ ریاستوں  میں انتخابات ہونے والے ہیں ۔اس کے لئے  تمام پارٹیاں سر گرم ہیں اور اپنے اپنے ایجنڈوں کو لے کر عوام کے درمیان پہنچ رہی ہیں ۔دریں اثنا مدھیہ پردیش سے ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے جہاں بی جے پی رہنما کا بھائی عوام کے درمیان اپنے الگ ہی ایجنڈے پر تقریر کر رہے ہیں ۔وہ کہہ رہے ہیں کہ میرے پاس جو بھی آیا میں نے اس کی مدد کی اور اسے بچایا چاہے عصمت دری کا ملزم ہو یا قتل کا ملزم ہو ایسے بہت سے لوگوں کو میں نے بچایا ہے اس لئے آپ ووٹ بی جے پی کو ہی دیں۔

معاملہ ہے مدھیہ پردیش کے ستنا ضلع کا ۔ستنا ضلع کے ناگوڈ اسمبلی سے بی جے پی امیدوار ناگیندر سنگھ کے چھوٹے بھائی چھترسال سنگھ ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپنے مذکورہ خیالا ت کا اظہار کر رہے ہیں ۔اس بی جے پی رہنما کی اس تقریر کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے ۔صارفین ویڈیو شیئر کر کے بی جے پی کے ایجنڈے پر سوال کھڑے کر رہے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ آج تک بی جے پی کو عصمت دری اور قتل کے مجرموں کی حمایت میں ترنگا یاترا نکالتے دیکھا تھا لیکن اب بی جے پی رہنما کھل کر اس ایجنڈے پر ووٹ مانگ رہے ہیں کہ ہم نے عصمت دری کے مجرموں کو پناہ دی ہے ۔

ویڈیو میں واضح طور پر سنا جا سکت اہے کہ انتخابی جلسے میں کھلے اسٹیج سےکہہ رہے ہیں کہ”چاہے کوئی یہاں ریپ کے بعد آیا ہو یا قتل کرنے کے بعد، میں نے سب کی مدد کی ہے۔ میں نے سب کو بچایا ہے۔”