عبد الحامد قریشی نے تریپورہ چیف جسٹس کے طور پرحلف لیا
اگرتلا: جسٹس عقیل عبد الحامد قریشی نے ہفتہ کے روز تریپورہ ہائی کورٹ کے پانچویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیا۔ قریشی اس سے قبل گجرات اور ممبئی ہائی کورٹ کے جج رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے کولیجیم نے جب جسٹس قریشی کو چیف جسٹس بنائے جانے کی سفارش کی تھی تو مرکزی حکومت نے ان کا نام واپس کر دیا تھا لیکن کولیجیم نے دوبارہ انہیں کے نام کی دوبارہ سفارش کر دی تھی۔
تریپورہ کے گورنر رمیش بیس نے یہاں کے پرانے راج بھون میں واقع دربار ہال میں ایک سادہ تقریب کے دوران نئے چیف جسٹس کو حلف دلایا۔ اس تقریب میں وزیر اعلی ویپلب کمار دیب، نائب وزیر اعلی جیشنو دیو ورما، کابینہ کے وزار کے ساتھ ساتھ دو دیگر جج سبھاشیش تلپاترا اور اریندم لودھ بھی موجود تھے۔
اس تقریب میں بمبئی ہائی کورٹ کے سات سیٹنگ ججوں اور گجرات ہائی کورٹ کے دو سیٹنگ ججوں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، سینئر پولس افسران، انتظامی افسران اور نیم فوجی دستے کے افسران نے بھی شرکت کی۔
چھ ماہ سے زائد عرصے تک زیر التوا رہنے کے بعد مرکزی وزارت قانون و انصاف کے تحت آنے والے محکمہ انصاف نے جسٹس قریشی کو تریپورہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ گجرات ہائی کورٹ کے سینئر جج رہ چکے جسٹس قریشی یہاں آنے سے قبل ممبئی ہائی کورٹ میں جج تھے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور جسٹس ایس بوبڈے اورجسٹس این وی رمن پر مشتمل کولیجیم نے حکومت سے جسٹس قریشی کو سب سے پہلے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی تھی، اس وقت قریشی گجرات ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج تھے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کولیجیم کی جانب سے بھیجی گئی سفارش کو مرکزی حکومت کی طرف سے چیف جسٹس آف انڈیا کو نظرثانی کے لیے واپس بھیج دیا گیا تھا۔ بعد میں کولیجیم نے نظر ثانی کرنے کے بعد 10 مئی کو دوبارہ جسٹس قریشی کے ہی نام کو آگے بھیجا اور کہا کہ انہیں تریپورہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا جائے۔