عاملہ بحرانوں کے دوران فیصلہ لینے کے لیے زیادہ اہل ہیں: چیف جسٹس ایس اے بوبڈے

نئی دہلی، اپریل 28: اس الزام کے درمیان کہ عدالت عظمی کورونا وائرس پھیلنے سے متعلق حکومت کے فیصلوں پر عمل پیرا ہے، چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے نے کہا ہے کہ حکومت کے تینوں ارکان کو بحرانوں کے دوران مل کر کام کرنا چاہیے۔ پیر کی شام تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 28،380 کورونا وائرس متاثرین تھے اور اموات کی تعداد 886 ہوگئی تھی۔

پیر کو این ڈی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بوبڈے نے کہا ’’بحران کے وقت حکومت کے تینوں ارکان کو بحران پر قابو پانے کے لیے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا چاہیے … صبر وقت کی ضرورت ہے اور پورے ملک کو صبر کرنے کے لیے کہا جارہا ہے۔‘‘

چیف جسٹس نے کہا کہ عاملہ مہاماری یا کسی تباہی سے نمٹنے کے لیے زیادہ تیار ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کرنے میں بہتر ہوگا کہ ’’لوگوں، پیسوں اور مادہ کو کس طرح استعمال کیا جائے اور کسے ترجیح دی جائے۔‘‘ بوبڈے نے کہا کہ جب ایگزیکیٹو یعنی عاملہ کے اقدامات سے زندگی خطرے میں پڑ جائے، تب عدالتیں مداخلت کرتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران عدالتوں نے کام بند نہیں کیا ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہم آرام نہیں لے رہے ہیں، ہم کام کر رہے ہیں اور معاملات نمٹا رہے ہیں۔ ہم اپنے کیلنڈر کے مطابق سال میں 210 دن کام کرتے ہیں۔‘‘

چیف جسٹس نے کہا کہ وبائی امراض کی وجہ سے پیدا ہونے والے تارکین وطن مزدوروں کے بحران کو حل کرنے کے لیے اعلی عدالت نے جو ہو سکتا تھا، وہ کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے پیر کو مرکز کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کوویڈ 19 کے خلاف لڑائی کے لیے 3 مئی تک لاک ڈاؤن کے درمیان تارکین وطن مزدوروں کو اپنے آبائی شہروں کو واپس جانے کی اجازت دینے کی استدعا پر جواب مانگا۔ عدالت نے مرکز سے اس پر جواب دینے کو کہا کہ آیا مزدوروں کو ان کے گاؤں واپس کرنے کے لیے کوئی تجویز تیار کی گئی ہے۔

جج نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان سبھی اقدامات کے بارے میں ہمیں رپورٹ کریں: طبی، غذائیت سے متعلق، پناہ گاہ اور نقل و حمل۔ اور کہ آیا آمدورفت سماجی فاصلاتی اصولوں کے مطابق ہے۔‘‘

مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کے بارے میں بوبڈے نے کہا کہ عدالت 700 سے زائد اضلاع میں تمام افسران کی سرگرمیوں پر نظر نہیں رکھ سکے گی۔ انھوں نے کہا ’’ہم یقینی طور پر پوچھ سکتے ہیں اور حکومت سے پوچھا ہے کہ کیا کیا جارہا ہے اور انھوں نے ایسے اقدامات کی اطلاع دی ہے جو وہ اٹھا رہے ہیں، غلطی تلاش کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘‘

بوبڈے نے کہا کہ اس سے قبل عدالتوں پر مقدمہ چلانے کا دباؤ کم تھا۔ جنوری میں ہر روز سپریم کورٹ میں 205 مقدمات دائر کیے گئے اور 305 اپریل کے تمام دن ای-فائلنگ کے ذریعے کیے گئے تھے۔