
عابد علی کا مسلم کرکٹ ہیرو کے بطور منفرد کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا
بھارتی کرکٹ ٹیم کا ایک اور اہم باب بند ہوا۔مگر نئی نسل کے لئے نقش پا موجود ہیں
حیدرآباد (دعوت نیوز ڈیسک)
آج جب کہ مسلمانوں کے کارناموں اور ان کی بڑی شخصیات کی حصولیابیوں کو بھلانے بلکہ ان کی کردار کشی کی کوشش ہو رہی ہے تو ملک و قوم کا نام اونچا کرنے میں جن کا نام نمایاں رہا ہے ان کو یاد کرنا اور بھی ضروری ہو جاتا ہے۔
کھیل اور وہ بھی کرکٹ بر صغیر ہند و پاک میں بڑے چاو سے دیکھا جاتا ہے۔ آج کے کھلاڑیوں کو تو اکثر لوگ جانتے ہیں لیکن سابق میں ایک بڑا نام عابد علی کا رہا ہے۔
سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر سید عابد علی کا کرکٹ کے میدان میں ناقابل فراموش کردار کئی لوگوں کے لئے آئیڈیل ہے۔جو محدود وسائل میں کچھ کردکھانے کا جذبہ پیدا کرتا ہے ۔مگر افسوس کہ پچھلے دنوں مارچ کی 12 تاریخ کو امریکہ کے شہر ٹریسی کے ایک ہسپتال میں سید عابد علی وفات پا گئے۔ وہ 9 ستمبر 1941 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھےاور ایک باصلاحیت آل راؤنڈر کے طور پر جانے جاتے تھے، جو اپنی منفرد بیٹنگ اور میڈیم فاسٹ بولنگ کے لیے مشہور تھے۔
عابد علی کی وفات نے نہ صرف بھارت بلکہ عالمی کرکٹ کے میدان میں ایک اہم خلاء پیدا کیا ہے کیونکہ ان کی شاندار خدمات نے نہ صرف بھارت بلکہ پوری کرکٹ کمیونٹی کو فائدہ پہنچایا ہے۔ خاص طور پر مسلم کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر کرکٹ میں نمایاں شمولیت اور کامیابیاں بھارت کے لیے ایک عظیم اثاثہ رہی ہیں۔
عابد علی نے 23 دسمبر 1967 کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا اور بھارت کی جانب سے 29 ٹیسٹ میچوں میں 1,018 رنز بنائے اور 47 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ بھی کھیلے، جب ون ڈے کرکٹ اپنے ابتدائی مراحل میں تھا۔ان کا کرکٹ کا سفر حیدرآباد سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے آل سینٹس ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی اور ایک شاندار فیلڈر کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ابتدا میں وکٹ کیپر کے طور پر کھیلنے والے عابد علی بعد میں بولر بنے اور 1959 میں حیدرآباد کی ٹیم سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں قدم رکھا۔ ان کے بین الاقوامی کیریئر کی نمایاں جھلکیوں میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو میچ میں 55 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرنا شامل ہے۔
عابد علی کی کرکٹ کے میدان میں خدمات نہ صرف ان کے شاندار ریکارڈ سے جڑی ہوئی ہیں، بلکہ انہوں نے ہمیشہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی بھی کی۔ ان کی محنت، عزم اور کھیل سے محبت نئی نسل کے لیے ایک مشعل راہ تھی۔ عابد علی کی شخصیت اور کھیل کا جوہر بھارتی کرکٹ کی تاریخ کا ایک لازوال حصہ بن چکا ہے، جس کی یادیں ہمیشہ کرکٹ کے دلدادہ افراد کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
بتادیں کہ عابد علی کی شاندار کامیابیاں اور عالمی سطح پر ان کی پہچان نے بھارتی مسلم کھلاڑیوں کے لیے ایک راہ ہموار کی ہے۔ ان کی محنت اور لگن نے ثابت کیا کہ بھارت کے مسلم کھلاڑیوں کا کرکٹ کی دنیا میں اہم کردار ہے اور ان کی کامیابیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
عابد علی کا انتقال یقیناً ایک غمگین لمحہ ہے، مگر اس موقع پر ان کی کرکٹ کے لیے کی گئی خدمات،ان کی یادوں اور کردار کو یاد رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ نئی نسل کو ان کی جذبے ،جدوجہد اور کامیابیوں سے آگاہ کیا جا سکے۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 23 مارچ تا 29 مارچ 2025