صلاحیت بیچتاہوں، ضمیر نہیں: سشانت سنگھ
نئی دہلی: ہندی ٹی وی شو ’’ساودھان انڈیا‘‘ سےباہر کیے گئے اداکار سشانت سنگھ نے ٹوئٹ کرکے اس کی جانکاری دی۔ حالانکہ چینل کی طرف سے اب تک اس سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ سشانت ’’ساودھان انڈیا‘‘ شو کو سال 2011 سے ہوسٹ کر رہے تھے۔ فی الحال یہ شو اسٹار بھارت چینل پر نشر ہوتا ہے۔
سشانت نے ممبئی میں شہریت قانون کےخلاف احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لیا تھا اور دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبا پر ہوئے پولس تشدد کی مذمت کی تھی۔
سشانت نے کہا ’’میں صلاحیت بیچتا ہوں، اپنا ضمیر نہیں۔ جب میرے بچے بڑے ہوںگے اور پوچھیںگے کہ جب طالب علموں پر ظلم کیا جا رہا تھا تب میں کیا کر رہا تھا تو میرے پاس جواب ہوناچاہیے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ شو کا معاہدہ ختم کرنے کی ان کو کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ انھوں نے کہا ’’مجھے لگتا ہے کہ اگر یہ میرے قدم کا نتیجہ ہے تو یہ بہت ہی چھوٹی قیمت ہے جو مجھے چکانی پڑی۔ جو کچھ بھی ہو رہا ہے میں اس سے ہل گیا ہوں اور میں نے جو کیا ہے مجھے اس کا کوئی افسوس نہیں ہے۔‘‘
جامعہ کے مظاہرہ کر رہے طالب علموں پر پولیس کی وحشیانہ کارروائی پر پر بہت سارے لوگ بالی ووڈ فنکاروں پر خاموش رہنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ اس پر سشانت نے کہا ’’ایسا نہیں ہے کہ ان میں سے کوئی نہیں بول رہا ہے۔ رچا چڈھا، تاپسی پنو، ذیشان ایوب اور انوبھو سنہا جیسے لوگ ہیں جوحالیہ واقعات کو لےکر بول رہے ہیں۔ جن کو غلط لگا وہ بول رہے ہیں، جن کو نہیں، وہ خاموش ہیں۔‘‘
(ایجنسیاں)