شہریت ترمیم قانون مخالف مظاہرے: دہلی میں پولیس نے کیا لاٹھی چارج، کانپور میں چلی گولی

نئی دہلی : شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں جاری مظاہروں کے درمیان اتر پردیش کے کانپور  میں مظاہرین پر گولی چلنے کی خبر ہے۔ وہیں دہلی میں ہو رہے مظاہروں میں بھی تشدد کے بعد دہلی پولیس نے واٹر کینن کا استعمال اور مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔ دریا گنج کے علاقے میں ایک کار میں آگ لگا دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش میں شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں ہو رہے مظاہروں کے دوران  6 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔

جمعہ کی نمازکے بعد دہلی کی جامع مسجد کے باہر بھی احتجاج اور مظاہرہ  کیا گیا۔ اس دوران لوگوں نے مسجد کے گیٹ نمبر ایک کے باہر بڑی تعداد میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف نعرےبازی کی۔ بھیم آرمی کے چیف چندرشیکھر آزاد بھی جامع مسجد پر اس احتجاج میں پابندیوں کے باوجود شامل ہوئے۔ جن کو بعد میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ وہ صبح سے ہی پولیس کے نشانے پر تھے لیکن مظاہرے میں شامل ہونے کے لیے وہ کسی طرح مسجد کے گیٹ نمبر ایک تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ حراست میں لیے جانے سے قبل انھوں نے مظاہرے کی قیادت کی۔

بھیم آرمی کے چیف چندرشیکھر آزاد کو جامع مسجد سے جنتر منتر تک مارچ نکالنے کے دوران دریا گنج کے قریب  حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے ذریعے مارچ کی اجازت نہیں دیے جانے کے بعد بھی بھیم آرمی کی قیادت میں جامع مسجد سے بڑی تعداد میں لوگوں نے مارچ کیا۔

وہیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش کے نزدیک مظاہرہ کرنے کی وجہ سےسابق صدر جمہوریہ پرنب مکھر جی کی بیٹی شرمشٹھا مکھرجی سمیت 50 خاتون کانگریس کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

اس دوران دہلی پولیس اور ریزرو پولیس فورس کے جوان دہلی کے مختلف  علاقوں میں فلیگ مارچ کر رہے ہیں۔

شمال مشرقی  دہلی کے 14 میں سے 12 تھانہ حلقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حساس علاقوں میں ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ پولیس شمال مشرقی دہلی کے علاقوں میں فلیگ مارچ کر رہی ہے اور افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سوشل میڈیا پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔

جمعہ کو شہریت ترمیم قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے اور احتجاج  کو دیکھتے ہوئے دہلی پولیس نے سینٹرل دہلی سمیت لال قلعہ کے آس پاس کے علاقوں میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے اورلوگوں کے اکٹھا ہونے پر روک لگا دی ہے۔سکیورٹی کے سخت انتظام کئے گئے ہیں۔ اضافی سکیورٹی فورسز کی بھی تعیناتی کی گئی ہے۔

وہیں نوئیڈا اور دہلی کو جوڑنے والا کالندی کنج روٹ بھی بندکر دیا گیا ہے۔ اس روٹ سے گزر نے والوں  کودوسرےروٹ سے گزر نے کی صلاح دی گئی ہے۔ نوئیڈا ٹریفک پولیس نے جمعرات  شام میں ٹوئٹ کرکے اس کی جانکاری دی۔

(ایجنسیاں)