شہریت ترمیم قانون مخالف مظاہرے: آسام کے سماجی کارکن اکھل گوگوئی کے گھر پر این آئی اے کا چھاپہ

نئی دہلی: قومی جانچ ایجنسی نےآسام میں شہریت قانون کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے کرشک مکتی سنگرام سمیتی کے رہنما اور سماجی کارکن اکھل گوگوئی کے گوہاٹی واقع گھر پر چھاپہ مارا۔ گوگوئی کو ایجنسی نے اس ماہ کی شروعات میں گرفتارکیا تھا۔ گوگوئی کی بیوی گیتاشری تمولی نے کہا ’’حکام کئی فائلیں لے گئے جن میں سے کچھ پر وہ کام کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ایک پرانا لیپ ٹاپ، جیل میں رہنے کے دوران لکھی گئی ان کی ڈائری اور دوسرے سامان لے گئے۔‘‘

حکام نے بتایا کہ گوگوئی کے خلاف آئی پی سی کی دفعات اور غیرقانونی (سرگرمیاں) روک تھام قانون کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ آسام پولیس نے گوگوئی کو 12 دسمبر کو جورہاٹ سے گرفتار کیا تھا۔ اس وقت پولیس کا کہنا تھاکہ ضلع کے ساتھ ساتھ ریاست کے دوسرے حلقوں میں کسی بھی ناخوشگوارواقعےسے بچنے کے لیے گوگوئی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

13 دسمبرکو آسام پولیس نے ان پر سیڈیشن کا معاملہ درج کیا اور14 دسمبر کو معاملہ این آئی اے کے پاس پہنچا تھا۔ 14 دسمبر کو دائر ایف آئی آر میں ایجنسی نے الزام  لگایا ہے کہ ’’گوگوئی اور دوسروں  نے سامنےسے… سرکار کے خلاف نفرت اور اختلاف کو ہوا دی  ہے۔‘‘

ایف آئی آر میں انھیں ’’دہشت گردانہ سرگرمیوں‘‘ میں ملوث بتاتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ ’’گوگوئی اوردوسروں  نے پارلیمنٹ میں پیش ہوئےشہریت قانون کے ایک اقتباس کا استعمال مختلف گروپوں کومذہب، جائے پیدائش، زبان، رہائش  وغیرہ کی  بنیاد پر بھڑ کانے کے لیے کیا ہے، جو ملک کی سلامتی  اورسالمیت کو لےکر خطرہ پیدا کرتا ہے۔‘‘

آسام کی ایک عدالت نے انھیں 17 دسمبر کو ایجنسی کی 10 دن کی حراست میں بھیج دیا تھا۔ پوچھ تاچھ کے لیے انھیں اسی دن نئی دہلی لے جایا گیا تھا۔ بدھ کو انھیں واپس گوہاٹی لے جایا گیا۔ انھیں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائےگا۔عدالت نے این آئی اے کوہدایت دی تھی کہ گوگوئی کی باقاعدہ طبی  جانچ کی جائے اور ان کے اہل خانہ  اور وکیلوں کو ان سے ملنے دیا جائے۔

اس سے پہلے گوگوئی کی قیادت میں کے ایم ایس ایس اراضی  مدعوں اور آسام میں کئی بڑے باندھ منصوبوں کے خلاف مظاہرہ کر چکا ہے۔ گزشتہ  کچھ سالوں میں گوگوئی پر آسام پولیس نے دو بار سیڈیشن کے معاملے درج کئے ہیں۔ ساتھ ہی کانگریس اوربی جےپی دونوں ہی ریاستی  سرکاروں کے دوران انھیں کئی بار گرفتار کیا گیا ہے۔

(ایجنسیاں)