شراب پالیسی معاملے میں منیش سسودیا کی عدالتی حراست میں 3 اپریل تک توسیع
سی بی آئی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہے اور نازک موڑ پر ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ نے نوٹ کیا کہ منیش سسودیا فی الحال ای ڈی کی حراست میں ہیں
نئی دہلی ،20مارچ :۔
شراب پالیسی معاملہ عام آدمی پارٹی کے لئے گلے کی ہڈی بن گیا ہے ۔سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری کے بعد توقع تھی کہ ضمانت جلد مل جائے گی لیکن دھیرے دھیرے معاملہ سنگین ہوتا جا رہا ہے ۔سی بی آئی کے بعد ای ڈی نے بھی منیش سسودیا کو حراست میں لے لیا ہے ۔ایک بار پھر کورٹ نے سی بی آئی کیس میں منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 3 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ منیش سسودیا کو ای ڈی کی حراست کے دوران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش کیا۔ سی بی آئی کیس میں عدالتی حراست ختم ہونے کے بعد منیش سسودیا کو وی سی کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی بی آئی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہے اور نازک موڑ پر ہے۔ راؤزایونیو کورٹ نے نوٹ کیا کہ منیش سسودیا فی الحال ای ڈی کی حراست میں ہیں۔
بتا دیں کہ منیش سسودیا 22 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں ہیں۔ سسودیا کے وکیل نے ان کے ریمانڈ میں توسیع کی ای ڈی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی مبینہ جرم کی آمدنی پر خاموش ہے، جو کیس کا مرکز تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حراست میں توسیع کا مطالبہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور سسودیا کو ان کی ابتدائی سات دن کی حراست کے دوران صرف چار لوگوں سے سامنا کرنا پڑا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 9 مارچ کو سسودیا کو تہاڑ جیل میں گرفتار کیا تھا۔ 2021-22 کے لیے دہلی حکومت کی ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں گرفتار ہونے کے بعد سے جیل میں ہیں ۔